ویب ڈیسک: تیمرگرہ کے ایک نجی اسپتال میں داخل خاتون نے بیک وقت تین بچوں کو جنم دے دیا، جس پر اہل خانہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
اسپتال ذرائع کے مطابق زچہ اور تینوں نومولود مکمل طور پر صحت مند ہیں۔ پیدائش کے فوراً بعد بچوں کو خصوصی نگہداشت وارڈ میں منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ خاتون کی نارمل زچگی ہوئی۔ اس عمل کو تین لیڈی ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم نے کامیابی سے مکمل کیا۔ مزید بتایا گیا کہ یہ خاتون کے ہاں پہلی اولاد ہے اور اس سے قبل ان کے کوئی بچے نہیں تھے۔نومولود بچوں میں ایک بیٹا اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔
بیک وقت تین بچوں کی پیدائش کی خبر سنتے ہی اہل خانہ خوشی سے جھوم اٹھے۔ خاندان کی جانب سے شکرانے کے نوافل ادا کیے گئے اور اسپتال میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔ اہل علاقہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے مبارکباد پیش کی، جبکہ گھر کا ماحول عید جیسا خوشگوار ہو گیا۔