(ویب ڈیسک ) بہاولپور میں اولاد کے مبینہ ناروا سلوک اور جائیداد کے تنازعات سے دلبرداشتہ ہو کر عمر رسیدہ ماں باپ نے نہر میں چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں 75 سالہ بزرگ جاں بحق ہو گیا جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے بوڑھی ماں کو بروقت کارروائی کر کے زندہ بچا لیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق نہر میں چھلانگ لگانے کی اطلاع ملتے ہی غوطہ خوروں اور امدادی ٹیموں نے فوری سرچ آپریشن شروع کیا۔
اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بزرگ خاتون کو پانی سے بحفاظت نکال کر اسپتال منتقل کیا، جبکہ ڈوبنے والے 75 سالہ بزرگ کی تلاش جاری رہی جن کی لاش 24 گھنٹے بعد ششماہی نہر سے برآمد ہوئی۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ بزرگ میاں بیوی اپنے ہی بیٹوں کے جائیداد کی تقسیم پر آئے روز ہونے والے لڑائی جھگڑوں سے دلبرداشتہ ہو کر دونوں نے اجتماعی طور پر نہر میں چھلانگ لگائی۔
دوسری جانب، واقعے کے بعد پولیس نے بیٹوں کو طلب کر کے ان کا ابتدائی بیان قلمبند کر لیا ہے۔بیٹوں نے الزامات کو رد کرتے ہوئے پولیس کو بیان دیا کہ ان کے والدین کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں تھا ۔