(ویب ڈیسک): کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن سیکٹر 7-A میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک ہی گھر سے ماں اور اس کے 3 معصوم بچوں کی گلا کٹی لاشیں ملنے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
سرجانی ٹاؤن کے ایک گھر سے ماں، بیٹے اور بیٹی کی گلا کٹی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرتے ہوئے لاشوں کو تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر گھر سے ماں، بیٹے اور بیٹی کی لاشیں ملی تھیں جبکہ ایک 18 ماہ کی کمسن بچی شدید زخمی حالت میں پائی گئی تھی۔ بدقسمتی سے مذکورہ 18 ماہ کی بچی اشمیرہ بھی اسپتال میں دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی، جس کے بعد اس اندوہناک واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 4 ہو گئی ہے۔
جاں بحق ہونے والوں میں ماں، دو بچیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں۔ مقتولین کی شناخت والدہ مہوش، بیٹے حسنین، بیٹی ماریہ اور 18 ماہ کی کمسن اشمیرہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سرجانی ٹاؤن میں خاتون اور معصوم بچوں کے لرزہ خیز قتل کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے فوری تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ چھریوں کے وار سے معصوم بچوں اور خاتون کا قتل انتہائی دردناک اور ناقابلِ برداشت ہے۔
انہوں نے پولیس کو ہدایت جاری کی ہے کہ اس بہیمانہ واردات میں ملوث درندوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور قانون کے کٹہرے میں لاکر مظلوم خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے۔