ویب ڈیسک: لوئر دیر کے پہاڑی علاقوں برمکے، بوچکے اور شادام میں گزشتہ 4 روز کے دوران بخار اور دیگر بیماریوں کے باعث 7 افراد انتقال کرگئے، جن میں 2 خواتین اور 5 بچے شامل ہیں۔
علاقہ مکینوں کے مطابق ہر سال ستمبر میں علاقے میں ایک پراسرار بیماری کے باعث اموات ہوتی ہیں۔ ڈی ایچ او لوئر دیر کے مطابق 2 نوجوان گردن توڑ بخار کے باعث پشاور میں زیرِ علاج تھے، جبکہ برمکے میں جاں بحق ہونے والے 2 بچے نوزائیدہ تھے۔ انتقال کرنے والی ایک خاتون ٹی بی کی مریضہ تھیں۔
محکمہ صحت کے مطابق متاثرہ علاقوں سے نمونے حاصل کرکے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں اور رپورٹس کا انتظار ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں ڈینگی اور ملیریا سے بچاؤ کے لیے اسپرے کیا جاچکا ہے، جبکہ صورتحال کی وجوہات جاننے کے لیے محکمہ صحت، لائیو اسٹاک اور پبلک ہیلتھ پر مشتمل مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔