ویب ڈیسک: چلڈرن اسپتال کی پارکنگ میں کھڑی گاڑی سے ڈاکٹر احمد لطیف کی لاش ملنے کے واقعے کی ابتدائی تحقیقات میں اہم تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
پولیس اور فیملی ذرائع کے مطابق ڈاکٹر احمد لطیف ذاتی مسائل کے باعث شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھے، جو ممکنہ طور پر ان کی موت کی وجہ بنا۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے دو سال قبل پسند کی شادی کی تھی، تاہم چند ماہ قبل طلاق کے بعد وہ ڈپریشن میں مبتلا ہو گئے تھے۔
ڈاکٹر احمد گزشتہ تین روز سے گھر نہیں لوٹے تھے اور اسپتال ریکارڈ کے مطابق دو روز سے ڈیوٹی سے بھی غیر حاضر تھے۔ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب پارکنگ میں کھڑی گاڑی سے بدبو آنے پر سیکیورٹی عملے نے اطلاع دی، جس پر پولیس نے گاڑی کھول کر انہیں ڈرائیونگ سیٹ پر مردہ حالت میں پایا۔
پولیس کے مطابق گاڑی سے ڈپریشن کی ادویات بھی ملی ہیں، جبکہ موبائل فون بند تھا اور دیگر شواہد محفوظ کر لیے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں اور موت کی حتمی وجہ کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد کیا جائے گا۔