سابق وزیراعظم نوازشریف 4 سال بعد پاکستان پہنچ گئے
03:43 PM, 21 Oct, 2023
اسلام آباد: قائد مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم نواز شریف 4 سال بعد پاکستان پہنچ گئے ہیں ۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کا طیارہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کر گیا ہے جس کے بعد وہ طیارے سے باہر آگئے ہیں۔ سینئر لیگی رہنما اسحاق ڈار اور اعظم نذیر تارڑ پارٹی قائد کا استقبال کرنے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے ہیں جبکہ سابق وزیراعظم کی وطن واپسی کے موقع پر ان کی قانونی ٹیم اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچ چکی ہے۔ سابق وزیراعظم کا طیارہ FZ4525 بندر عباس کے راستے ایران سے ہوتا ہوا پنجگورکے قریب پاکستان کی حدود میں داخل ہوا۔ اسلام آباد کے ایئر ریڈار میں داخل ہونے پر ٹریفک کنٹرول نے نواز شریف کے طیارے کو خوش آمدید کہا اور طیارے کو وفاقی دارالحکومت میں لینڈنگ کیلئے گرین سگنل دیا۔ سابق وزیراعظم کے ہمراہ 148 مسافر خصوصی پرواز میں پاکستان آئے ہیں جبکہ لیگی رہنما عرفان صدیقی، ناصر جنجوعہ اور ڈاکٹر عدنان بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو وطن واپس لانے کیلئے طیارہ ’امید پاکستان‘ ایک گھنٹہ 34 منٹ تاخیر سے 11 بجکر 4 منٹ پر دبئی ائیرپورٹ سے روانہ ہوا۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے کے بعد سابق وزیر اعظم قانونی ٹیم سے مشاورت کریں گے، قانونی ٹیم میں اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز سمیت دیگر شامل ہوں گے، نواز شریف کو دونوں کیسز سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔ نوازشریف قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد لاہور روانہ ہونگے، اعظم نذیر تارڑ نواز شریف کے ہمراہ لاہور پہنچیں گے، امجد پرویز سمیت قانونی ٹیم کے دیگر ممبرز اسلام آباد میں ہی رکیں گے۔ سابق وزیراعظم نوازشریف مینار پاکستان پہنچ کر جلسے سے خطاب کریں گے۔