بارکھان واقعہ، سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 6 مغوی بازیاب
08:23 AM, 23 Feb, 2023
کوئٹہ :بلوچستان کے علاقے بارکھان سے تعلق رکھنے والے خان محمد مری کے خاندان کےچھ افراد کو بازیاب کرا لیا گیا ہے ، بازیاب ہونے والوں میں ان کی بیوی گراں ناز، بیٹی فرزانہ ، بیٹے عمران ، عبدالمجید ، غفار اور ستار شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے بارکھان سے تعلق رکھنے والے خان محمد مری کے خاندان کے 6 افراد کو بازیاب کرا لیا گیا ہے ، بازیاب ہونے والوں میں خان محمد کی بیوی، بیٹی اور 4 بیٹے شامل ہیں۔ لیویز فورس کی کارروائیوں میں 45 سالہ گراں ناز، 18 سالہ فرزانہ اور 12 سالہ عمران کو سبی رینج کوہلو کے پہاڑی علاقے سے بازیاب کیا گیا ہے ، 19 سالہ عبدالمجید کو دکی، 15 سالہ غفار اور 11 سالہ ستار کو ڈیرہ بگٹی بارڈر ایریا بارکھان سے بازیاب کرایا گیا ہے ۔ لیویز ذرائع کے مطابق اہل خانہ کے تمام 6 افراد سرکار کی حفاظتی تحویل میں ہیں۔ سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ گراں ناز اور ان کے بچوں کو میڈیا کے سامنے لاکر تفصیلات دی جائیں گی۔ بارکھان میں کنویں سے ملنے والی لاشوں کا پوسٹ مارٹم مکملہو گیا ہے اور پولیس سرجن ڈاکٹرعائشہ فیض کا کہنا ہے کہ لاشوں میں سے ایک لڑکی کی لاش ہے جس کی عمر 17 سے 18 سال ہے، مقتولہ کو جنسی زیادتی اور تشدد کے بعد سر پر 3 گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے اور شناخت چھپانے کے لیے چہرے اور گردن پر تیزاب پھینکا گیا ہے ۔ ڈاکٹر عائشہ فیض کا مزید کہنا تھا کہ قتل کی گئی لڑکی گراں ناز کی بیٹی بھی ہوسکتی ہے جب کہ دیگر دونوں لاشوں کا پوسٹ مارٹم بھی مکمل کرلیا گیا ہے ، دونوں نوجوانوں کو تشدد کے بعدہی قتل کیا گیا ہے ۔