ملتان سلطانز نے پی ایس ایل کا تاج جیت لیا
06:10 PM, 24 Jun, 2021
ابو ظہبی (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کا ملتان سلطانز نے جیت لیا ہے.تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 6 کا فائنل پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے مابین متحدہ عرب امارات میں کھیلا گیا۔ پشاور زلمی کی جانب سے 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے گئے۔ 207 رنز ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے کامران اکمل اور حضرت اللہ زازئی اوپنر آئے مگر صرف 42 رنز پر دونوں ہی پویلین چلے گئے۔کامران اکمل نے 36 جبکہ زازئی نے 6 رنز بنائے۔ تیسرے وکٹ 58 رنز پر گری جبکہ کریز شعیب ملک اور رومن پاول نے سنبھالی اور میچ کو واپس لائے۔ پاول 23 رنز بنا سکے جبکہ ملک بھی ففٹی مکمل نہ کر سکے اور 48 رنز پر چلتے بنے۔سلطانز کے عمران طاہر بلے بازوں پر چھائے رہے۔ انھوں نے ایک ہی اوور میں شیرفن ردرفورڈ ، وہاب ریاض اور محمد عمران کو پویلین کی راہ دکھائی۔ عماد بٹ بھی 7 رنز پر عمران خان کے ہاتھوں شکار ہو گئے۔ ملتان سلطانز کے عمران طاہر نے 3، بلیسنگ مزارابانی نے 2 جبکہ عمران خان اور سہیل تنویر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں زلمی کی جانب سے ٹاس جیت کر سلطانز کو بلے بازی کی دعوت دی گئی۔ زلمی میدان میں فیلڈنگ کے لیے اترے۔ ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 207 رنز کا ہدف دیا. یہ پی ایس ایل کی تاریخ کا فائنل میں سب سے بڑا ہدف تھا. ملتان سلطانز کی جانب سے محمد رضوان اور شان مسعود اوپنرز کے طور پر کریز پہ آئے۔ سلطانز کو پہلا نقصان 68 رنز پر شان مسعود کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ انھوں نے 37 رنز کی اننگز کھیلی۔ دوسرا نقصان محمد رضوان کی وکٹ تھی۔ کپتان نے 30 رنز بنائے۔ اس کے بعد ریلی روسوو اور شعیب مقصود نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو بڑا ہدف کرنے میں کردار ادا کیا۔ شعیب نے 26 گیندیں کھیلتے ہوئے ففٹی بنائی۔ ان کے ساتھ روسوو نے بھی 20 گیندیں کھیل کر تیز ترین نصف سنچری اپنے نام کی۔ 20 اوور پورے ہونے پر مقصود کے 65 جبکہ خوش دل کے 15 رنز تھے۔ دوسری جانب پشاور زلمی کے محمد عمران اور ثمین گل کے حصوں میں 2،2 وکٹیں آئیں۔ پشاور زلمی کی قیادت وہاب ریاض کر رہے ہیں۔ میچ سے قبل ان کا کہنا تھا کہ عمید آصف سکواڈ کا حصہ نہیں ہیں لہذا ان کی جگہ ثمین گل کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ جیت کے لیے پُر امید ہیں اور ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔دوسری جانب ملتان سلطانز کی قیادت محمد رضوان کے پاس ہے۔ جن کا کہنا تھا کہ نہ صرف منیجمنٹ بلکہ پوری ٹیم کے ہمراہ اچھا ماحول بنانے کے لیے کوشش کریں گے۔ ٹرافی حاصل کرنے کی پوری کوشش ہے۔