’اپنے گروپ اور اتحادیوں جماعتوں کو تمام اختیار دیدیا‘
06:24 AM, 24 Oct, 2021
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ میں نے اپنا اختیار اپنے گروپ BAP کے اراکین اور اتحادیوں کو دیا. اتحادی اور بی اے پی موجودہ منظر نامے کے لئے جو بھی بہتر ہوگا، وہ فیصلہ ہوگا انشاءاللہ. سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں جام کمال کا کہنا تھا کہ اگر پی ڈی ایم جیت جاتا ہے اور ناراض ممبر کے ساتھ حکومت بناتا ہے تو ہم اپوزیشن میں بھی بیٹھنے کو تیار ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز جام کمال کے مستعفیٰ ہونے کی خبروں سامنے آئیں تھیں جن کی انہوں نے تردید کر دی تھی. جام کمال نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ میں نے استعفیٰ نہیں دیا، ہمیں اپنی اور اتحادیوں جماعتوں (بی اے پی، پی ٹی آئی، اے این پی، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی، جمہوری وطن پارٹی ، پیپلز پارٹی، آزاد ارکان اور بی این پی عوامی) کے 41 ارکان کی حمایت حاصل ہے، عددی لحاظ سے ہمیں ایوان کے 80 فیصد ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ جام کمال کے استفعے کی خبریں منظر عام پر آنے سے قبل ان سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور وزیر دفاع پرویز خٹک نے ملاقات کی تھی، اس موقع پر جام کمال کے حامی ارکان اسمبلی اور دیگر ساتھی بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل بلوچستان اسمبلی میں بلوچستان عوامی پارٹی کے ناراض اراکین اور اپوزیشن کی جانب سے وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی تھی، 65 رکنی ایوان میں سے 33 نے تحریک کے حق میں ووٹ دیا تھا۔ تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری 25 اکتوبر کو ہونا تھی۔