انڈیا بمقابلہ پاکستان:’ مجھے کیوں توڑا ؟‘
08:55 AM, 24 Oct, 2021
ویبڈیسک: پاکستان اور انڈیا سے ہائی وولٹیج میچ سے قبل سوشل میڈیا صارفین نے بھی محاذ سنبھال لیا ہے ، پاکستان اور بھارت کا میچ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے . ایسے میں کئی سوشل میڈیا صارفین کا خیال ہے کہ میچ کوئی بھی جیتے سب سے زیادہ نقصان ٹی وی سیٹوں کا ہی ہوتا ہے. یاد رہے کہ اتوار 24 اکتوبر کو دبئی میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 میں بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ بابر اعظم کی قیادت میں پاکستانی ٹیم ہائی وولٹیج میچ میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے کوشاں ہے۔ میگا ایونٹ کے سب سے کانٹے کے مقابلے میں چند گھنٹے رہ گئے ہیں، ایسے میں دونوں ممالک کے شائقین نے میمز شیئر کرنا شروع کردیئے اور یہ ٹی وی سیٹوں کے بارے میں تھے۔ دوسری جانب پاک بھارت میچ سے قبل ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے شارٹ لسٹ کیے گئے بارہ کھلاڑیوں کے نام بتائے ، جن میں سے فائنل پلیئنگ الیون کا انتخاب کیا جائے گا۔15 رکنی مکمل اسکواڈ میں محمد وسیم جونیئر، محمد نواز اور سرفراز احمد شامل نہیں ہوئے۔ جن 12 کھلاڑیوں کے نام فائنل کیے گئے ہیں ان میں بابر اعظم (کپتان ) محمد رضوان (وکٹ کیپر)، فخر زمان ، حیدر علی ، محمد حفیظ ، شعیب ملک ، آصف علی ، شاداب خان (نائب کپتان)، عماد وسیم ، حسن علی ، شاہین آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔بابر اعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ میچ کے دوران ان کی ٹیم بھارت کے خلاف پاکستان کے خراب ریکارڈ کے بارے میں نہیں سوچے گی۔ بابر اعظم نے زور دیا کہ ماضی ان کے کھلاڑیوں کے لیے غیر متعلقہ ہے۔بابر اعظم نے پریس کانفرنس کے دوران کہا ہم میچ کے دن اپنی صلاحیتوں کو استعمال کرنا چاہتے ہیں تاکہ ہم بہتر نتائج حاصل کر سکیں۔ ریکارڈ بنتے ہی ٹوٹنے کیلئے ہیں۔ کپتان بابر اعظم نے اعتراف کیا کہ یہ شدت سے بھرپور میچ ہوگا، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ ہمیشہ جذبات سے بھرپور ہوتا ہے لہذا ہمیں کھیل کے تینوں شعبوں میں اچھی کارکردگی دکھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کھلاڑی ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں اور اتوار کو ہمارا ایک اہم میچ ہے۔ قومی کپتان نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ٹیم کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کیے۔ انہوں نے کہا وزیر اعظم نے ہماری روانگی سے پہلے ہم سے ملاقات کی اور 1992 کی جیت کے اپنے تجربات شیئر کیے اور ہمیں کہا کہ بھارت کے خلاف جارحانہ اور نڈر کرکٹ کھیلیں۔ اس سے قبل بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے اتوار کے میچ کے لیے ٹیم کا اعلان نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم مضبوط ہے اور ہمیشہ ایک مضبوط ٹیم رہی ہے۔ کوہلی نے مزید کہا کہ ہمیں پاکستان کو ہرانے کے لیے اپنی بہترین کرکٹ کھیلنی ہوگی۔ بھارتی کپتان نے کہا کہ ٹیم نے ماضی کے ریکارڈوں کے بارے میں نہیں سوچا اور نہ ہی یہ کہ دونوں ممالک کے درمیان ورلڈ کپ کے پہلے میچوں میں کیا ہوا تھا۔