مریم نواز نے عمران خان کو سازشوں کا بادشاہ قرار دے دیا
01:23 PM, 25 Feb, 2023
لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان کو "سازشوں کا بادشاہ" قرار دے دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے لکھا کہ آپ کی چیخیں غلط نہیں ہیں کیوںکہ آپ اپنے گاڈ فادر فیض اور ان کی باقیات کی مدد سے ہی سازشوں کے بادشاہ ہیں ۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ فیض اور ان کی باقیات کی سازشوں پر پھلتے پھولتے اور زندہ رہتے ہیں ، عمران خان اب آپ دیکھیں گے کہ "بگڑی ہوئی شہزادی" آپ کو کیسے مات دیتی ہے ، آپ جیسے گاڈسن اور پیادے غیر متعلقہ ہو جائیں گے ۔ ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ آپ کا "چور ڈاکو" کا بیانیہ منہ کے بل گر چکا ہے ، آپ 190 ملین پاؤنڈ (58 ارب) کی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں ، اس کے علاوہ توشہ خانہ کی ڈکیتی، بیوی کے زیورات، رشوت میں پانچ کیرٹ ہیرے کی انگوٹھی وصول کرنے والے پہلے کرپٹ وزیر اعظم ہیں ۔ مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ حقیقت یہ ہے کہ آپ عدالتوں سے فرار اختیار کر رہے ہیں ، التواء کی بھیک مانگ رہے ہیں جو کہ آپ کے مجرم ہونے کا واضح اعتراف ہے ، واضح رہے چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے مریم نواز کو اپنے ٹوئٹ میں "بگڑی شہزادی" کہہ کر مخاطب کیا تھا ۔