فخر کی سنچری، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو پہلے ون ڈے میں 5 وکٹوں سے شکست دیدی
10:59 AM, 28 Apr, 2023
پاکستان نے 5 ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں فخر زمان کی شاندار سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔ آج پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سیریز کا پہلا ون ڈے کھیلا گیا جس میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنائے ، ڈیرل مچل اور ول ینگ نے شاندار بلے بازی کی ، ڈیرل مچل نے 113 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ ول ینگ نے بھی 86 رنز اسکور کیے ۔ پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ ، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ ایک وکٹ شاداب خان کے حصے میں بھی آئی ۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان نے کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 124 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ امام الحق 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان بابر اعظم نے بھی 49 رنز کی اننگز کھیلی، شان مسعود ایک جبکہ آغا سلمان 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد رضوان نے 42 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ محمد نواز 8 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم کی جانب سے ایڈم ملنے نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ 1،1 وکٹ اش سودھی ، راچن رویندرا اور بلائر ٹکنر نے حاصل کی ۔ ٹاس کے بعد کی جانے والی گفتگو میں پاکستانی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ وکٹ دوسری اننگز میں بہتر رہے گی ، مگر ہدف حاصل کرنے کی کوشش کریں گے ۔ دوسری جانب کپتان نیوزی لینڈ ٹام لیتھم کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی کا آخری میچ جیتنے کے بعد ٹیم کا مورال بڑھا، ہم بھی ٹاس جیت کر بولنگ ہی کرتے۔