فخر کی سنچری، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو پہلے ون ڈے میں 5 وکٹوں سے شکست دیدی

فخر کی سنچری، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو پہلے ون ڈے میں 5 وکٹوں سے شکست دیدی
پاکستان نے 5 ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں فخر زمان کی شاندار سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔ آج پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سیریز کا پہلا ون ڈے کھیلا گیا جس میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنائے ، ڈیرل مچل اور ول ینگ نے شاندار بلے بازی کی ، ڈیرل مچل نے 113 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ ول ینگ نے بھی 86 رنز اسکور کیے ۔ پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ ، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ ایک وکٹ شاداب خان کے حصے میں بھی آئی ۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان نے کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 124 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ امام الحق 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان بابر اعظم نے بھی 49 رنز کی اننگز کھیلی، شان مسعود ایک جبکہ آغا سلمان 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد رضوان نے 42 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ محمد نواز 8 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم کی جانب سے ایڈم ملنے نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ 1،1 وکٹ اش سودھی ، راچن رویندرا اور بلائر ٹکنر نے حاصل کی ۔ ٹاس کے بعد کی جانے والی گفتگو میں پاکستانی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ وکٹ دوسری اننگز میں بہتر رہے گی ، مگر ہدف حاصل کرنے کی کوشش کریں گے ۔ دوسری جانب کپتان نیوزی لینڈ ٹام لیتھم کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی کا آخری میچ جیتنے کے بعد ٹیم کا مورال بڑھا، ہم بھی ٹاس جیت کر بولنگ ہی کرتے۔

نیوزی لینڈ پلیئنگ الیون دوسری جا نب نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیون میں ٹام لیتھم،مارک چیپمین ، چیڈ بوویس، ویل ینگ ،ڈیرل مچل، اور ہینری نیکولس شامل ہیں۔

پاکستان پلیئنگ الیون

پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی بابراعظم کررہےہیں، جبکہ پلیئنگ الیون آغا سلمان،محمد نواز ، شاداب خان ، شاہین آفریدی،نسیم شاہ ، امام الحق،فخرزمان،شان مسعود،محمد رضوان اور حارث رؤف بھی شامل ہیں۔ ون ڈے اسکواڈ کے لیے پاکستان ٹیم میں 6 اسپیشلسٹ کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹی ٹوئنٹی سیریز 2،2سے برابر ہونے کے بعد شاہین اب 5ون ڈے میچز کی سیریز میں کیویز کا مقابلہ کررہے ہیں ۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔