ویب ڈیسک: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و معروف کرکٹر، بانیٔ پاکستان تحریکِ انصاف کی پہلی سابقہ اہلیہ، جمائمہ گولڈ اسمتھ نے اپنے دونوں بیٹوں سلیمان عیسیٰ خان اور قاسم خان کی تصویریں شیئر کی ہیں۔
جمائمہ گولڈ اسمتھ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر اپنے دونوں صاحبزادوں، بڑے بیٹے سلیمان عیسیٰ خان کی ویڈیو اور قاسم کی تصویر بطور اسٹوری شیئر کی ہے۔
جمائمہ کی ان پوسٹ میں دونوں بھائیوں کو کرکٹ کی سفید یونیفارم میں دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شیخوپورہ:غیرت کے نام پر باپ نے 2 بیٹیوں کو قتل کر دیا
سلیمان خان کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میچ ختم ہونے پر وہ بلّا اٹھائے آ رہے ہیں جبکہ اس دوران اُن کی ویڈیو ریکارڈ کی جا رہی ہے۔
اس پوسٹ کے کیپشن پر جمائمہ نے اپنے بڑے بیٹے کو ’مین آف دی میچ‘ قرار دیا ہے۔
دوسری پوسٹ پر جمائمہ گولڈ اسمتھ نے قاسم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’اور یہ ہیں بہترین فاسٹ بولر۔‘
واضح رہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے تین شادیاں کی ہیں اور اُن کے دو بیٹے ہیں۔
انہوں نے 1995ء میں لندن کی امیر ترین کاروباری شخصیت جیمز گولڈ اسمتھ کی بیٹی جمائمہ سے شادی کی تھی جو کہ 2004ء میں ختم ہو گئی تھی۔
بعد ازاں انہوں نے پاکستانی میزبان و صحافی ریحام خان سے 2014ء میں شادی کی جو صرف ایک سال ہی چل سکی تھی۔
بانیٔ پی ٹی آئی کی موجودہ شریکِ حیات کا نام بشریٰ بی بی ہے جن سے انہوں نے 2018ء میں شادی کی تھی۔