لاہور(پبلک نیوز) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومتی وزراء نے اربوں کھربوں کے الزامات لگائے گئے لیکن ایک دھیلے کی کرپشن کا ثبوت نہ لاسکے،عمران خان اور انکے چیلوں کا جھوٹ بے نقاب ہو گیا۔
صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) شہبازشریف نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کچھ دنو ں سے حکومتی صفوں میں کہرام مچاہواہے، 3سال میرا اورمیرےخاندان کے خلاف بےبنیاد الزامات لگائے گئے، عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے ،چاہتاہوں حقائق سے آگاہ کروں.
شہبازشریف نے پریس کانفرنس میں وزیراعظم اور وفاقی وزرا کے بیانات چلادیئے، انکا کہنا تھا کہ عمران خان اور ان کےحواری مجھ اورخاندان پر تہمتیں لگاتے رہے،برطانیہ کی تحقیقاتی ایجنسی کی رپورٹ نے تمام الزامات رد کیے ، حکومت کی فوج ظفر موج ٹی وی پر دن رات پراپیگنڈا کرتی رہی، ہم نے 10سال پنجاب میں اور 5سال وفاق میں عوام کی خدمت کی، ہماری جماعت کے لوگوں کو جیلوں میں بھجوادیا .
انہوں نے کہا این سی اے نے کہاکہ ہمیں دسمبر 2019کوایسیٹ ریکوری یونٹ کی درخواست ملی، برطانیہ نے ایسیٹ ریکوری یونٹ کی درخواست پر سلمان شہباز کے اکاؤنٹ منجمد کیے، ہم پر نیب اور ایف آئی اے میں بھی کھربوں کے الزامات عائد ہوئے .