اسماعیل ہانیہ کی شہادت پرترکیہ، روس،قطراور چین کی شدیدالفاظ میں مذمت

11:43 AM, 31 Jul, 2024

ویب ڈیسک: حماس سربراہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر ترکیہ روس،قطراور چین نے بھی بیانات جاری کردیئے۔

تفصیلات کے مطابق  ترکیے کی وزارت خارجہ نے حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے،ترک وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ حملے سے ظاہر ہوتا ہے کہ نتین یاہو کی حکومت کا امن کا کوئی ارادہ نہیں، اسماعیل ہانیہ کے قتل کا مقصد غزہ میں جنگ کو علاقائی سطح پر پھیلانا ہے۔

ادھر روسی وزارت خارجہ کاکہناتھا کہ حماس کے سیاسی سربراہ کا قتل مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔

دوسری جانب چینی وزارت خارجہ نے حماس کے شہید رہنما اسماعیل ہانیہ پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت خطے میں مزید عدم استحکام کا باعث بنے گی،غزہ میں جلد ایک جامع اور مستقل جنگ بندی کی ضرورت ہے،چین تاریخی طور پر فلسطینی کاز کا ہمدرد رہا ہے،بیجنگ میں حریف فلسطینی دھڑوں حماس اور الفتح کی میزبانی کی،دونوں فریقین نے جنگ کے بعد غزہ میں قومی اتحاد کی حکومت" کی تشکیل کامعاہدہ کیا تھا۔

قطر نے اسماعیل ہانیہ پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم فلسطینیوں کو مسلسل نشانہ بنانے کا اسرائیلی رویہ خطے کو افراتفری کی طرف لے جائے گا ،اسرائیلی قتل و غارت گری امن کے امکانات کو نقصان پہنچائے گی۔

مزیدخبریں