مظفر آباد ( پبلک نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ کشمیر کی محبت مجھے بار بار کھینچ لاتی ہے۔ مظفر آباد والو آج بہت اہم موقع پر آپ سے بات کرنے آئی ہوں۔ مجھے کوٹ لکھپت جیل میں نوازشریف کے سامنے مجھے گرفتار کیا گیا۔ آزاد کشمیر میں ہونے والے انتخابات کی مہم میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جس دن امریکہ گیا تو کہا گیا ٹرمپ کشمیر کے معاملے پر ثالثی کرے گا۔ عمران خان نے امریکہ سے واپسی پر کہا ایسا لگ رہا ہے جیسے ورلڈ کپ جیت کرآرہا ہوں۔ کیا کشمیر کو بھارت کی جھولی میں پھینکنا ہی تمہار ورلڈ کپ تھا؟ پوری دنیا جانتی ہے کہ عمران خان عوام کے ووٹوں پر ڈاکہ ڈال کر آیا ہے۔ کشمیر کو بھارت کی جھولی میں پھینک دیا گیا۔ کشمیر پاکستان کے ہاتھ سے چلا گیا اور کہا گیا کہ 2منٹ کی خاموشی اختیار کرو۔ 2 منٹ کی خاموشی کا کہہ کر آج تک خاموش ہیں۔ کشمیر کا مسئلہ دنیا میں اجاگرکرنے کے بجائے قوم سے کہا گیا کہ خاموشی اختیار کرو۔ کشمیر کو بھارت کی جھولی میں ڈالنے میں عمران خان کی منظوری شامل تھی۔ سنا ہے کہ عمران خان اب آزاد کشمیر کا رخ کررہا ہے۔ عمران خان تمہارا تو کوئی فون بھی نہیں اٹھاتا۔