(ویب ڈیسک ) بجلی ، گیس اور پانی سمیت دیگر بلوں کی ادائیگی ہماری جیب پر کافی گراں گزرتی ہے لیکن جب آپ کو پتہ چلے کہ آپ کئی سالوں سے اپنا نہیں بلکہ کیس اور کا بل ادا کر رہے ہیں تو آپ کیسا محسوس کریں گے!
ایسا ہی امریکا کی ریاست کیلیفورنیا میں رہنے والے ایک شہری کے ساتھ ہوا ، جب ایک دن اسے پتہ چلا کہ وہ پچھلے 20 سال سے اپنے پڑوسی کے گھر کا بجلی کا بل بھر رہا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق کین ولسن نامی شخص نے محسوس کیا کہ اس کا بجلی کا بل کچھ زیادہ ہی آرہا ہے جس پر اس نے بجلی بچانے کے لیے اقدامات کیے اور اسی دوران انکشاف ہوا کہ وہ غلط بل ادا کر رہا ہے۔
اس حوالے سے کین ولسن کا کہنا ہے کہ بجلی کا بل غیر معمولی طور پر زیادہ آنے پر بجلی کی بچت کرنا شروع کی لیکن پھر بھی بل میں فرق نہیں پڑا مزید تحقیق کرنے پر پتہ چلا کہ وہ تو اپنے پڑوسی کا بل بھر رہا ہے۔
بجلی فراہم کرنے والی کمپنی نے ولسن کو بتایا کہ ایسا بجلی کے میٹر غلط جگہ لگنے کی وجہ سے ہوا ہے۔کمپنی نے اس پر معذرت کی اور کہا کہ وہ اس کا ازالہ کرے گی۔
ولسن کا کہنا تھا کہ میرا مسئلہ تو حل ہوگیا لیکن امید ہے کہ کسی اور کے ساتھ ایسا نہیں چل رہا ہو۔