ویب ڈیسک: مشرق وسطیٰ میں جنگ اور آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث تیل و گیس کی قلت نے بھارت میں غیر معمولی صورتحال پیدا کر دی ہے، جس کے اثرات کاروبار پر بھی پڑنے لگے ہیں۔
بھارتی ریاست تامل ناڈو کے ایک ریسٹورنٹ نے گیس بحران کے پیش نظر ایک انوکھی پیشکش متعارف کرائی ہے، جس کے تحت ایل پی جی سلنڈر کے بدلے مفت بریانی دی جا رہی ہے۔
ریسٹورنٹ کے باہر لگے پوسٹر پر لکھا ہے: "کھانا پکانے میں ہماری مدد کریں، ہم آپ کو کھانا کھلائیں گے"۔ آفر کے مطابق ایک کمرشل گیس سلنڈر فراہم کرنے والے کو ایک ماہ تک مفت بریانی دی جائے گی، جبکہ دو سلنڈر دینے والا روزانہ دو پلیٹ بریانی حاصل کر سکتا ہے۔
ریسٹورنٹ کے مالک کا کہنا ہے کہ گیس کی شدید قلت نے ان کے کاروبار کو بری طرح متاثر کیا ہے اور وہ اسے بند کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے، اسی لیے یہ منفرد حل نکالا گیا ہے۔
واضح رہے کہ خطے میں کشیدگی کے باعث بھارت میں ایل پی جی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، جس سے نہ صرف کاروبار بلکہ عام شہری بھی مشکلات کا شکار ہیں۔ اس سے قبل اتر پردیش کے شہر میرٹھ کے ایک سرکاری اسپتال کی ویڈیو بھی سامنے آئی تھی جہاں گیس نہ ہونے پر عارضی چولہوں پر کھانا تیار کیا جا رہا تھا۔