ویب ڈیسک: پاکستان کی معروف اداکارہ ثنا جاوید اور ان کے شوہر اسٹار آل راؤنڈر شعیب ملک کے سوشل میڈیا پر ایک مرتبہ پھر کافی چرچے ہورہے ہیں۔ جس کی وجہ اس بار ثنا کی اپنے شوہر کو سپورٹ کرنا ہے۔
گزشتہ ہفتے ایجبسٹن میں ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاک بھارت میچ پر دنیا بھر کے شائقین کی نگاہیں جمی ہوئی تھیں، اس میچ کو دیکھنے بھارت کے کئی اداکار بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے۔
یہ میچ ہفتے کے روز کھیلا گیا جس کے تمام 23 ہزار ٹکٹس وقت سے قبل ہی فروخت ہوگئے، اس میچ میں پاکستان نے بھارت کو 68 رنز سے شکست دی تھی۔
اس میچ میں اپنے شوہر شعیب ملک کو سپورٹ کرنے کے لیے اداکارہ ثنا جاوید بھی میدان میں نظر آئیں، شعیب ملک جیسے ہی میچ کے دوران وکٹ لیتے تو کیمرا مین ثنا جاوید کو فوکس کرکے ان کے تاثرات مداحوں کو دکھاتے۔
ثنا جاوید کی اسٹیڈیم سے کئی تاثرات کی تصاویر وائرل ہوئیں، جس میں کبھی وہ سنجیدہ بیٹھی ہیں تو کبھی تالیاں بجاکر شوہر کی حوصلہ افزائی کررہی ہیں۔
تاہم سوشل میڈیا صارفین نے ثنا جاوید کی وائرل تصاویر پر تبصرے کرتے ہوئے ان پر انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کی نقل کا الزام عائد کردیا۔
دوسری جانب کچھ سوشل میڈیا صارفین نے ثنا جاوید کی تعریف کی کہ ثنا اپنے شوہر کا ساتھ دینے اور انہیں سپورٹ کرنے اسٹیڈیم آئیں۔
واضح رہے کہ بھارت کی مقبول ترین جوڑی اداکارہ انوشکا شرما اور کرکٹر ویرات کوہلی کی اسٹیڈیم سے کئی ویڈیوز اور تصاویر سامنے آتی ہیں جس میں انوشکا ویرات کے لیے کبھی کھڑے ہوکر تالیاں تو کبھی ان کا نام پکار کر ان کی حمایت کررہی ہوتی ہیں۔
پھر ویرات بھی گراؤنڈ سے کبھی انوشکا سے محبت کا اظہار کرتے نظر آتے ہیں تو کبھی اہلیہ کے گراؤنڈ میں موجود نہ ہونے پر انہیں ویڈیو کال کرتے ہیں۔