ویب ڈیسک: سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو نے بھارت کے ایک ضعیف شخص کی عمر پر نئی بحث چھیڑ دی ہے تاہم اب اس حوالے سے حقیقت سامنے آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بھارت کے شہر بنگلورو سے ایک ویڈیو سامنے آئی جس سے متعلق سوشل میڈیا صارفین دعویٰ کررہے تھے کہ ویڈیو میں موجود ضعیف شخص کی عمر 188 سال ہے اور انہیں حال ہی میں بنگلورو کے ایک غار سے بچایا گیا ہے۔
ویڈیو میں موجود ضعیف شخص کا سرجھکا ہوا ہے اور انہیں دو لوگ بازو سے پکڑ کر لے جارہے ہیں, ویڈیو سے متعلق متعدد سوشل میڈیا صارفین کا دعویٰ ہے کہ ضعیف شخص کی عمر 150 سال سے زائد ہے تاہم اس حوالے سے ٹوئٹر پر ہی شیئر کی گئی ایک ٹوئٹ میں مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
اس ٹوئٹ کے مطابق وائرل ویڈیو میں موجود ضعیف شخص کی عمر 188 سال ہونے کا دعویٰ غلط ہے درحقیقت اس شخص کی عمر 110 سال ہے جن کا نام سیارام بابا ہے,اس ٹوئٹ میں بوڑھے شخص سے متعلق بھارتی میڈیا پر شیئر کی گئی ایک رپورٹ کا لنک بھی موجود ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سیارام اپنے مراقبے اور یوگا خصوصیات کے باعث خاصے مشہور ہیں، انہوں نے 10 سال کھڑے رہ کر مراقبہ کیا اور 12سال تک خاموشی اختیار کیے رکھی، 12 سال کے بعد ان کے منہ سے جو پہلا لفظ نکلا وہ سیارام تھا یہی وجہ ہے کہ انہیں گاؤں کے لوگ سیارام بابا کے نام سے پکارنے لگے۔