ویب ڈیسک: دبئی سے آنے جانے والی پروازوں میں پیجر اور واکی ٹاکی لے جانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اگر کسی مسافر کے پاس یہ آلات پائے گئے تو انہیں دبئی پولیس کے ذریعے ضبط کر لیا جائے گا۔
اسی طرح، لبنان کے رفیق حریری بین الاقوامی ہوائی اڈے سے جانے والے مسافروں پر بھی یہی پابندی لگائی گئی ہے۔ اس صورتحال نے سفر کرنے والے لوگوں میں بے چینی پیدا کر دی ہے، خاص طور پر ان لوگوں میں جو خطے میں سفر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور لبنان کے درمیان تمام پروازیں 8 اکتوبر تک معطل رہیں گی اور اس کے علاوہ عراق (بصرہ اور بغداد)، ایران (تہران)، اور اردن (عمان) کے لیے بھی تمام معمول کی پروازیں معطل ہیں۔ یہ اقدامات سلامتی کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے گئے ہیں اور اس سے قبل ہی ان ملکوں میں پہلے سے موجود خطرات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ایک مثبت پہلو یہ ہے کہ ابوظبی میں واقع اتحاد ایئر لائن نے ابوظہبی اور تل ابیب کے درمیان پروازوں کی خدمات دوبارہ شروع کر دی ہیں، جبکہ دبئی سے عراق، اسرائیل اور اردن کے لیے پروازیں بھی دوبارہ شروع کی جا رہی ہیں۔
یاد رہے کہ لبنان کے دارالحکومت بیروت میں 17 ستمبر 2024 کو تقریباً 5000 پیجرز اچانک ایک ساتھ پھٹ گئے۔ ان دھماکوں میں 3000 سے زائد افراد زخمی ہوئے، جن میں حزب اللہ کے جنگجو اور لبنان میں ایرانی سفیر بھی شامل تھے۔
اس واقعہ نے دنیا بھر میں سلامتی کے خدشات کو جنم دیا ہے، جس کے بعد کئی ممالک نے اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ متحدہ عرب امارات کی جانب سےحالیہ پابندی کو بھی اسی تناظر میں دیکھا جارہا ہے۔