ویب ڈیسک: پنجاب میں شدید دُھند اور اسموگ کے باعث لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں آج دوسرے نمبر پر ہے جبکہ بھارتی دارالحکومت دہلی اس فہرست میں پہلے نمبر ہے، پنجاب میں اسموگ اور دھند کے باعث مختلف موٹرویز کو کئی مقامات سے ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔
صوبائی دارالحکومت میں اسموگ کا راج برقرار ہے، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور کا آج دوسرا نمبر ہے، صبح سویرے ایئر کوالٹی انڈکس 518 تک پہنچ گیا جوکہ اب 416 ریکارڈ کیا گیا ہےجبکہ اس فہرست میں بھارتی دارالحکومت دہلی پہلے نمبر پر آگیا، دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس 1091 ریکارڈ کیا گیا۔
ڈی ایچ اے کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 896 تک پہنچ گیا جبکہ لاہور کے علاقوں ازی روڈ انٹرچینج کا ایئر کوالٹی انڈیکس 647، جوہر ٹاؤن کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 425 ریکارڈ کیا گیا۔
پاکستان کے دیگر آلودہ ترین شہروں میں ملتان کا دوسرا، اسلام آباد کا تیسرا، راولپنڈی کا چوتھا اور پشاور کا پانچوں کا نمبر شمار کیا گیا ہے۔
اس وقت پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں کی فضاؤں میں شدید دُھند اور اسموگ کا راج ہے اور بعض مقامات پر حد نگاہ صفر ہو گئی ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی اسموگ اور دھند چھائی ہوئی ہے۔
صوبائی دارالحکومت پشاور میں اسموگ میں کمی آئی ہے، پشاورمیں ایئر کوالٹی انڈیکس 187 پر آ گیا جبکہ ہری پور میں 200 اور ایبٹ آباد میں 163 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں آج شام کو بارش اور بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں سموگ چھائے رہنے اور رات کے اوقات میں شدید دُھند کا امکان ہے۔
موٹرویز کو مختلف مقامات سے ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا
دوسری جانب پنجاب میں اسموگ اور دھند کے باعث موٹرویز کو مختلف مقامات سے ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی۔
دھند اور اسموگ کی وجہ سے حد نگاہ کم ہونے پر موٹروے ایم 3 لاہور سے درخانہ تک، موٹروے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک جبکہ موٹروے ایم 2 لاہور سے شیخوپورہ تک بند کر دی گئی۔
ترجمان موٹروے پولیس نے بیان میں کہا کہ موٹرویز کوعوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے بند کیا جاتا ہے، روڈ یوزرز زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں، صبح 10 سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں، گاڑیوں میں سفر کرنے والے حضرات آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کریں۔
ترجمان موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی کہ اس دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، تیز رفتاری سے پرہیز کر یں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں، سموگ سے متعلق معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔
دھند کم ہونے کے بعد متعدد مقامات پر بند موٹرویز کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔
پنجاب میں دھواں دینے والی گاڑیوں کیخلاف گرینڈ آپریشن کی ہدایت
ادھر پنجاب میں دھواں دینے والی گاڑیوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کی ہدایت کردی گئی، بس اور ٹرک اڈوں کی جانچ پڑتال جاری ہے۔
لاہور میں 38 خصوصی اینٹی سموگ اسکواڈز کی مدد سے گاڑیوں کی چیکنگ بھی جاری ہے، دھواں دینے والی گاڑیاں اب سڑک پر نہیں چلیں گی۔
سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ حکومتی اقدامات سے آؤٹ ڈور سرگرمیوں میں نمایاں کمی آگئی ہے، ہمیں سورج کی روشنی میں کاروبار کرنے کی عادت بنانا ہوگی۔
اسموگ نے پنجاب میں تعلیمی نظام کو بھی متاثرکردیا ہے، اسموگ کے باعث تعلیمی ادارے بند رہیں گے جبکہ نجی اداروں کو آدھا اسٹاف آن لائن شفٹ میں ٹرانسفر کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
لاہور میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف ڈولفن فورس نے کارروائیاں شروع کردی ہیں۔