ویب ڈیسک: کراچی کے علاقے قائدآباد میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا ہے، جہاں پسند کی شادی کا مطالبہ کرنے پر اہلِ خانہ نے لڑکی پر مبینہ تشدد کیا اور اس کا سر بھی مُنڈوا دیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ کو قائد آباد میں اس کے گھر سے بازیاب کرایا، متاثرہ لڑکی کی شناخت ناز فاطمہ کے نام سے ہوئی ہے جو ڈاؤ اسپتال میں نرس ہے۔
پولیس نے بتایا کہ لڑکی نے کسی طرح اپنے وکیل سے رابطہ کیا، وکیل کی اطلاع پر چھاپہ مار کر لڑکی کو بازیاب کرایا گیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی کو اہل خانہ نے قید کرکے رکھا ہوا تھا، لڑکی کو قید کرنے اور سر منڈوانے کے الزام میں پانچ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ملزمان میں مغویہ کی دادی، ماں، باپ، چاچا اور پڑوسن شامل ہیں۔
متاثرہ لڑکی نے پولیس کو بیان دیا کہ وہ ماں باپ کے ساتھ نہیں رہنا چاہتی۔
لڑکی کا کہنا ہے کہ میں جسے پسند کرتی ہوں اس سے شادی کرنا چاہتی ہوں، میرے ماں باپ بھی اس سے شادی نہیں کروا رہے تھے، مجھ پر اہل خانہ نے تشدد کیا اور میرے بال کاٹے۔
متاثرہ لڑکی کی مدعیت میں مقدمہ قائد آباد تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔