ویب ڈیسک: راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ریمانڈ میں چھ روز کی توسیع کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی 28 ستمبر تھانہ نیو ٹاؤن کے مقدمے میں جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا۔ کیس کی سماعت انسداد دہشتگری عدالت کے جج امجد علی شاہ نے اڈیالہ جیل میں کی۔
بانی پی ٹی آئی کے وکلاء فیصل ملک اور فیصل چوہدری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ پبلک پراسیکیوٹر ظہیر شاہ کی جانب سے ملزم کے مزید 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ پبلک پراسیکیوٹر نے عدالت کے روبرو بتایا کہ ملزم شامل تفتیش نہ ہو کر کیس میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کے عدم تعاون کی وجہ سے تفتیشی عمل آگے نہیں بڑھ رہا ہے۔
پولیس نے احتجاج کی کال کے حوالے سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں۔ پولیس نے بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقاتوں کا ریکارڈ بھی قبضہ میں لیا ہے۔ مزید شواہد کے لیے پیمرا ایف آئی اے اور پی آئی ڈی کو خطوط ارسال کیے گئے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی بیان قلمبند کرانے سے انکاری ہیں اس بنیاد پر مزید ریمانڈ کی استدعا کی گئی ہے۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد مزید 6 روز جسمانی ریمانڈ دے دیا۔ کیس کی مزید سماعت 2 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔