لاہور:(ویب ڈیسک) انٹرنیشنل ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے غیر ملکی کرنسی کی صورتحال کو غیر مستحکم قرار دیتے ہوئے پاکستان کے آؤٹ لک کو منفی کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق موڈیز نے پاکستان کی رینکنگ مستحکم سے منفی کردی ہے، موڈیز کا کہنا ہے کہ بیرونی معاشی خطرات کے باعث رینکنگ منفی کردی گئی ہے، غیر ملکی فنانسنگ حاصل کرنے میں غیر یقینی صورتحال سے رینکنگ منفی ہوئی ہے۔ موڈیز کے مطابق مہنگائی کے باعث بیرونی معاشی صورتحال بگڑ رہی ہے،کرنٹ اکاونٹ خسارے اور کرنسی پر دباو بڑھا ہے، سیاسی خطرات کی وجہ سے معاشی مستقبل غیر یقینی دکھائی دے رہا ہے۔ موڈیز نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی غیر یقینی نظر آرہی ہے، غیر ملکی فنانسنگ پر بھی غیر یقینی کے بادل چھائے ہوئے ہیں، رواں سال پاکستان کی جی ڈی پی 4.5 سے 5 فیصد تک رہنے کا امکان ہے، رواں سال جاری کھاتوں کا خسارہ 3.5 سے 4 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔ سیاسی حالات کے باعث آئی ایم ایف شرائط پر عمل درآمد میں مشکلات درپیش ہیں۔