ویب ڈیسک: (علی زیدی) سابق وزیراعظم عمران خان گزشتہ سال اگست سے پابندسلاسل ہیں اور اس وقت بھی ایک سے زیادہ الزامات میں اڈیالہ جیل میں اسیر ہیں۔ ان کی گرفتاری اور قید سے متعلق پہلے تو صرف پاکستان میں ان کے حامی آواز بلند کررہے تھے تاہم اب عالمی سطح پر ان کیلئے آوازیں بلند ہورہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر بانی وکی لیکس جولین اسانج نے ایک عمران خان کا 2012 میں کیا گیا انٹرویو شیئر کیا ہے۔ جس کے ساتھ انہوں نے لکھا ہے کہ امریکی سامراج کا ایک اور قیدی۔
انہوں نے اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ آف آربٹری ڈیٹینشن کا ایک بیان بھی شیئر کیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی قید عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے اور انہیں فوری طور پر رہا کیا جانا چاہیے۔
جولین اسانج نے سال 2012 میں عمران خان کیساتھ کیا گیا اپنا انٹرویو بھی شیئر کردیا ہے۔