لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے سیکورٹی خدشات کے پیش نظر دفعہ 144 کا نفاذ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے ضمنی الیکشن والے علاقوں میں 4 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔ پنجاب کے تین اضلاع شیخوپورہ، بہاولنگر اور ملتان میں 11 ستمبر کو ضمنی الیکشن ہونے جا رہا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے تینوں اضلاع میں الیکشن کے دوران اسلحہ کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے ، بنک کے گارڈز اور دیگر ادارے صرف اپنی حدود میں اسلحہ کا استعمال کر سکیں گے۔ مراسلے کے مطابق الیکشن کے دوران ہوائی فائرنگ پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے ، لاوڈ اسپیکر کے استعمال پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ پابندی کا اطلاق 9 ستمبر سے 12 ستمبر تک ہوگا۔ خیال رہے کہ شیخوپورہ کے حلقہ پی پی 139 سے 2018 کے الیکشن میں ن لیگ کے جلیل احمد کامیاب ہوئے تھے، جنہوں نے اپنی سیٹ سے استعفی دے دیا تھا۔جس کے بعد یہ سیٹ خالی ہوئی تھی۔ بہاولنگر کے حلقہ پی پی 241 سے بھی ن لیگ کے کاشف محمود جیتے تھے، اور انہوں نے بھی اپنی سیٹ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ملتان کے حلقہ این اے 157 سے پی ٹی آئی کے زین قریشی نے کامیابی حاصل کی تھی، صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہونے پر انہوں نے قومی اسمبلی کی سیٹ چھوڑ دی تھی۔