جاپان:جنگلات میں لگی آگ بےقابو،ہزاروں افراد کا انخلاء،1 ہلاک

جاپان:جنگلات میں لگی آگ بےقابو،ہزاروں افراد کا انخلاء،1 ہلاک
کیپشن: جاپان:جنگلات میں لگی آگ بےقابو،ہزاروں افراد کا انخلاء،1 ہلاک

ویب ڈیسک: جاپان کے جنگلات میں 3 دہائیوں میں لگنے والی سب سے بڑی آگ پر 6ویں روز بھی قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔ ابھی تک 5200 ایکڑ سے زائد رقبہ نذرآتش ہوچکا ہے جبکہ ہزاروں افراد کا انخلاء کردیا گیا ہے۔ حکومت نے 2 ہزار سے زائد فائرفائٹرزکو تعینات کررکھا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق فائر اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی (ایف ڈی ایم اے) کے مطابق، آگ سے کم از کم ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے، جس نے جمعرات سے شمالی جاپانی شہر اوفوناتو کے ارد گرد 5,200 ایکڑ سے زیادہ رقبہ کو نذر آتش کر دیا ہے۔

اگرچہ جنوری سے مارچ عام طور پر اوفوناتو کا سب سے خشک موسم ہوتا ہے، لیکن اس علاقے میں گزشتہ ماہ 20 سال سے زائد عرصے میں کسی بھی فروری کے مقابلے میں کم بارشیں ہوئیں - معمول کی اوسط 41 کے مقابلے میں یہاں بارش صرف 2.5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔اس وقت حکومت نے 4600 مزید افراد کو انخلاء کی ہدایت کردی ہے کیونکہ آگ مسلسل پھیلتی جارہی ہے۔ 
حکام کا بتانا ہے کہ اس وقت 1200 افراد حکومتی پناہ گاہوں میں جبکہ 2 ہزار سے زائد افراد علاقے سے جاچکے ہیں۔ 

بتایا گیا ہے کہ آگ جاپانی صوبے Iwate میں پھیلی جو کہ جاپان کا دوسرا بڑا صوبہ ہے اور آبادی میں کم اضافے کے لحاظ سے بھی یہ صوبہ دوسرے نمبر پر ہے۔ 

اب تک 80 سے زائد عمارتوں کو نقصان پہنچنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، تاہم ایف ڈی ایم اے کی جانب سے نقصان کا تخمینہ ابھی لگایا جارہا ہے۔

جاپانی وزیراعظم شیگیروایشیبا نے پارلیمنٹ میں اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ سچ ہے کہ جنگلات میں لگی آگ پھیلی جارہی ہے لیکن وہ ہرممکن اقدامات کررہے ہیں کہ شہریوں کے گھروں پر کوئی اثر نہ پڑے۔ 

انہوں نے بتایا کہ آگ پر قابو پانے کیلئے کم از کم 14 صوبوں سے ہزاروں فائرفائٹرز اور 16 ہیلی کاپٹر ریسکیو سرگرمیوں میں شریک ہیں۔ جاری کردہ تصاویر میں انہیں پہاڑیوں پر لگی آگ پر پانی پھینکتے دکھایا گیا ہے۔ 

یاد رہے کہ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح جاپان نے بھی گزشتہ سال تاریخ کا گرم ترین سال ریکارڈ کیا۔تاہم ابھی یہ کہنا ممکن نہیں کہ آگ کی ممکنہ وجہ ماحولیاتی تبدیلی تھی یا کچھ اور۔۔

تاہم آئی پی سی سی کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے جنگل کی آگ کے پھیلنے کے لیے درکار موسمی حالات پیدا ہو رہے ہیں۔

Watch Live Public News