ٹی 20 ورلڈ کپ ،پاکستان کی پہلی ہتھ جوڑی آج امریکا سےہوگی

babar & monank
کیپشن: babar & monank
سورس: google

ویب ڈیسک : پاکستان کرکٹ ٹیم آج شام ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں اپنا پہلا میچ میزبان ملک امریکا کے خلاف کھیلے گی۔

میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے آٹھ بجے شروع ہوگا جبکہ ڈیلاس کے مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 10 بجے میچ کا آغاز ہوگا۔

ڈیلاس میں جو ریاست ٹیکساس کا صحرائی علاقہ ہے موسم بے حد گرم اور تمام دن سورج نمودار رہے گا۔

اگرچہ دو روز قبل نیدرلینڈز اور نیپال کا میچ بارش سے متاثر رہا تھا لیکن آج مطلع صاف اور گرم موسم کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔

پاکستانی ٹیم چار دن قبل ڈیلاس پہنچی تھی اور پہلے دو دن بارش کے باعث ٹریننگ نہیں کرسکی لیکن بدھ کو ٹیم نے جزوی طور پر بھرپور پریکٹس کی اور کسی حد تک اپنی ٹیم بھی منتخب کرلی ہے۔

ٹیم کے ذرائع کے مطابق کوچ گیری کرسٹن اور کپتان بابر اعظم نے وہی ٹیم کھلانے کا فیصلہ کیا ہے جو انگلینڈ کے خلاف آخری میچ اوول میں کھیلی تھی۔

پاکستان کے لیے بری خبر یہ ہے کہ عماد وسیم پسلیوں میں تکلیف کے باعث پہلے میچ میں دستیاب نہیں ہیں تاہم ٹیم فزیو نے امید ظاہر کی ہے کہ اتوار کے میچ سے قبل فٹ ہوجائیں گے۔

پاکستان کی ٹیم پہلی مرتبہ امریکہ کے خلاف کوئی انٹرنیشنل میچ کھیلے گی۔

گرچہ امریکہ کی ٹیم میں کوئی بھی ایسا کھلاڑی نہیں ہے جو پاکستانی بولنگ یا بیٹنگ کو متاثر کرسکے لیکن پاکستانی نژاد بولر علی خان اور نیوزی لینڈ کے سابق ٹیسٹ کرکٹر کوری اینڈرسن خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔

بابر اعظم اور محمد رضوان اوپننگ کریں گے۔ دونوں نے پاکستان کے لیے سب سے زیادہ رنز کیے ہیں۔ بابر اچھی فارم میں ہیں جبکہ رضوان سدا بہار اسکورر ہیں۔

پاکستان نے ون ڈاؤن پوزیشن پر عثمان خان کو اوول میں آزمایا تھا جو کامیاب رہا۔ ان کی اننگز اگرچہ بڑی نہیں تھی لیکن ان کی بیٹنگ میں اعتماد تھا۔

فخر زمان چوتھے اور شاداب خان پانچویں نمبر پر بیٹنگ کریں گے۔ اگر وکٹ جلدی نہ گرے تو افتخار پانچویں نمبر پر آ سکتے ہیں۔

اعظم خان مسلسل ناکام ہونے کے باوجود ٹیم کا حصہ ہوں گے اور چھٹے نمبر پر بیٹنگ کریں گے۔ شاہین شاہ آفریدی، محمد عامر اور حارث رؤف فاسٹ بولر ہوں گے۔

پاکستان پچ کو دیکھتے ہوئے ابرار احمد یا نسیم شاہ کو کھلائے گا۔ پاکستان کے لیے یہ میچ بہت اہمیت کا حامل ہے۔

پاکستان جیت سے اس ٹورنامنٹ کا آغاز کرنا چاہتا ہے۔ پاکستان کے لیے جیت کے ساتھ ٹیم کمبینیشن بھی اہم ہے کیوں کہ دو روز بعد اس ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا میچ انڈیا سے نیویارک میں ہوگا جس کے لیے پاکستان کو بہت سوچ سمجھ کر کھیلنا پڑے گا۔

Watch Live Public News