وزیراعظم کا پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی کو گرین سگنل

وزیراعظم کا پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی کو گرین سگنل
کیپشن: وزیراعظم کا پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی کو گرین سگنل

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت اور پاکستان تحریکِ انصاف کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے مثبت اشارہ دے دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے مذاکرات کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو گرین سگنل دے دیا ہے، جبکہ حکومتی وفد بھی اسپیکر کی درخواست پر بات چیت کے لیے آمادگی ظاہر کر چکا ہے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات صرف پی ٹی آئی کے منتخب نمائندوں سے کیے جائیں گے اور کسی غیر منتخب فرد سے بات چیت نہیں کی جائے گی۔

دوسری جانب اسپیکر آفس کے ذرائع کے مطابق تاحال تحریکِ انصاف کے کسی رہنما نے باضابطہ طور پر مذاکرات کے لیے رابطہ نہیں کیا۔ سردار ایاز صادق نے پارلیمانی کمیٹی بدستور برقرار رکھی ہوئی ہے اور اپوزیشن کی رضامندی کی صورت میں فوری طور پر کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے گا۔

پارلیمانی ذرائع کے مطابق اسپیکر کی پیشکش کے باوجود اپوزیشن کی جانب سے اب تک کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ اسپیکر نے تحریکِ انصاف کو اپنے چیمبر میں آ کر بات چیت کی دعوت دے رکھی ہے۔

واضح رہے کہ تحریکِ انصاف کی اسپیکر سے آخری ملاقات اپوزیشن لیڈر کے انتخاب کے معاملے پر ہوئی تھی، جس میں محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر بنانے پر گفتگو کی گئی تھی۔

ادھر وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف سے مذاکرات کے حوالے سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکا، تاہم حکومتی اتحادی واضح طور پر مذاکرات کے حامی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو بہتر انداز میں چلانے کے لیے مذاکرات ناگزیر ہیں اور اگر پی ٹی آئی اسپیکر کے چیمبر میں آئے تو بات چیت ممکن ہے۔

طارق فضل چودھری نے مزید کہا کہ اپوزیشن لیڈر کا معاملہ اسپیکر نے طے کرنا ہے اور کوئی ایسا مسئلہ نہیں جو مذاکرات کے ذریعے حل نہ ہو سکے۔ ان کے مطابق مذاکرات کے لیے تحریکِ انصاف کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ تحریکِ انصاف خود کنفیوژن کا شکار ہے اور پارٹی کے مختلف دھڑے مختلف مؤقف اختیار کیے ہوئے ہیں۔

Watch Live Public News