حکومت اور پیپلز پارٹی میں بجٹ پر اہم پیش رفت، بیشتر تجاویز پر اتفاق

حکومت اور پیپلز پارٹی میں بجٹ پر اہم پیش رفت، بیشتر تجاویز پر اتفاق
کیپشن: حکومت اور پیپلز پارٹی میں بجٹ پر اہم پیش رفت، بیشتر تجاویز پر اتفاق

ویب ڈیسک: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سربراہی میں حکومتی وفد اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کے درمیان ایوانِ صدر میں ہونے والی اہم ملاقات کی اندرونی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں وفاقی بجٹ، سیاسی صورتحال اور دیگر اہم قومی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا اور وزارتِ خزانہ کے اعلیٰ حکام شریک تھے، جبکہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایوانِ صدر آمد پر وزیراعظم کا استقبال کیا۔ پیپلز پارٹی کے وفد کی قیادت بلاول بھٹو زرداری نے کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان بیشتر بجٹ تجاویز پر اتفاق رائے ہو گیا ہے، جبکہ پیپلز پارٹی نے بجٹ کی منظوری کے لیے اصولی طور پر گرین سگنل بھی دے دیا ہے۔ بعض قابلِ عمل نکات پر مزید مشاورت کے لیے تکنیکی کمیٹیاں اپنا کام جاری رکھیں گی۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان انتخابات میں کامیابی پر صدر آصف علی زرداری کو مبارکباد دی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے خوشگوار انداز میں کہا کہ "نوجوان بلاول نے ہم سے بہتر انتخابی مہم چلائی"، جس پر صدر زرداری نے مسکراتے ہوئے جواب دیا، "آخر بیٹا کس کا ہے!"

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزاد کشمیر کی حالیہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ وزیراعظم آزاد کشمیر بھی ملاقات میں شریک تھے۔

Watch Live Public News