ویب ڈیسک: صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ریلوے سٹیشن کے پلیٹ فارم پر دھماکا ہوا ہے جس میں 24 افراد جاں بحق جبکہ 45 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ریسکیوذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکا جعفر ایکسپریس کی روانگی کے وقت پلیٹ فارم پر ہوا، دھماکے کے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کا کہنا ہے کہ ریلوے سٹیشن پر ہونے والے دھماکے کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ چکے ہیں اور دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے ، بم ڈسپوزل سکواڈ موقع سے شواہد اکٹھے کررہا ہے۔
دھماکے کے پیش نظر سول ہسپتال کوٸٹہ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ طبی امداد کے لئے اضافی ڈاکٹرز اور عملہ طلب کرلیا گیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق آج کوئٹہ سے 2 ٹرینیں روانہ ہونی تھی جس میں چمن پیسینجر چمن اور جعفر ایکسپریس نے پشاور جانا تھا، دونوں ٹرینوں کے مسافر پلیٹ فارم پر موجود تھے۔
قبل ازیں پاکستان ریلویز ہیڈکوارٹرز لاہور ترجمان کا کہنا ہےکہ کوئٹہ میں ٹرین آپریشن مکمل بحال کر دیا گیا ہے،جعفر ایکسپریس اور چمن پسنجر کوئٹہ سے اپنی منزل کی طرف روانہ ہوگئی ہے۔بولان ایکسپریس بھی کراچی کیلیے روانہ ہوگئی ہے۔
وزریرِ اعظم نے بلوچستان حکومت سے رپورٹ طلب کر لی
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لیے مغفرت اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔
شہباز شریف نے زخمیوں کو ترجیحی بنیادوں پر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے بلوچستان حکومت سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔
انہوں نے کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کو نقصان پہنچانے والے دہشت گردوں کو اس کی قیمت ادا کرنا پڑے گی، دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کے لیے حکومت اور سیکیورٹی فورسز سرگرم عمل ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن بم دھماکہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی و تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ نہتے شہریوں خواتین اور بچوں پر حملہ کرنے والے بزدل دہشت گرد انجام کو ضرور پہنچیں گے ۔
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں معصوم شہریوں کی شہادت پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دہشگردانہ دھماکے میں اپنے پیاروں کے کھونے والے خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک ہوں،دھماکے کے زخمیوں کے بہتر علاج معالجے کو یقینی بنایا جائے،معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے انسان کی شکل میں درندے ہیں، کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
شرپسند عناصر انسانیت کے دشمن ہیں: اسپیکر قومی اسمبلی
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکے میں ملوث شرپسند عناصر انسانیت کے دشمن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بے گناہ شہریوں کی جانوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، قانون نافذ کرنے والے ادراے دھماکے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے لاکھڑا کریں۔
ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفیٰ شاہ
ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفیٰ شاہ نے بھی کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور ڈپٹی اسپیکر نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک ہوں،ڈپٹی اسپیکر نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔ڈپٹی اسپیکر نے اللہ تعالیٰ سے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر
قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کوئٹہ ریلوےاسٹیشن پر بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نہتی شہریوں مسافروں پر حملہ افسوس ناک ہے،اللہ پاک شہداء کی درجات بلند اورلواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائیں ،زخمیوں کو فوری بہترین طبی امداد فراہم کی جائیں،دہشت گردوں کو اس کی قیمت ادا کرنے ہوگی،حکومت ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائیں گا۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے بیگناہ درجنوں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ و افسوس کا اظہار کیاہے اور گورنر خیبرپختونخوا نے دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت و دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی معفرت اور پسماندگان کیلئے صبروجمیل کی دعا بھی کی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے دھماکے کے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیااور کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کا تحقیقات کا حکم
دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اعلیٰ انتظامی حکام سے رابطہ کر کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے متعدد واقعات میں ملوث عناصر تک پہنچ چکے ہیں، صوبے میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری ہیں اور متعدد واقعات میں ملوث دہشت گرد پکڑے جا چکے ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا یہ بھی کہنا ہے کہ بلوچستان سے دہشت گردوں کا قلع قمع کریں گے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کوئٹہ ریلوے سٹیشن کے قریب دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔اس دھماکے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کوئٹہ میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزدلانہ حملے ترقی کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے، دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے، دھماکے سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہارکرتےہیں۔
احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت دھماکے کی مکمل تحقیقات کرے گی،ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، احسن اقبال کی جانب سے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی گئی۔
وفاقی وزیر و صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان
کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر بم دھماکے پر وفاقی وزیر و صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان نے اظہار مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم شہریوں کی جانوں سے کھیلنے والے کسی رو رعایت کے مستحق نہیں،ملک دشمن الخوارج کے عناصر کی ہر قیمت پربیخ کنی ہو گی،ریاستی ادارے ملک میں افراتفری پھیلانے کی ہر سازش ناکام بنائیں گے۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے غمزدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت، زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ریلوے اسٹیشن کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور گورنر سندھ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی اور کہا کہ دہشت گردی کے بزدلانہ عمل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
کوئٹہ میں جانی نقصان پر انتہائی دکھ ہے: وزیرِ اعلیٰ سندھ
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے میں جانی نقصان پر انتہائی دکھ ہوا ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ملک دشمن عناصر خوف کا ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمٰن کی شدید مذمت
جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ میں ہونے والا بم دھماکہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کے کارکن اسپتال پہنچ کر تعاون کریں۔
بزدل دہشتگرد معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں: صادق سنجرانی
سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزدل دہشت گرد نہتے اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ دشمن ممالک کی ایماء پر بزدلانہ کارروائیوں سے عوام کے حوصلے پست نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں امن خطے کی پائیدار ترقی کے لیے نہایت ضروری ہے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کوئٹہ بم دھماکا بہت افسوسناک ،شدید مذمت کرتے ہیں، کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر بم دھماکے میں اب تک 21 قیمتی جانیں ضائع ہو نے کی اطلاع ہے۔بلوچستان میں پے در پے دہشت گردی کے واقعات نہ صرف ہمارے دلوں کو دہلا رہے ہیں،بلکہ ملک کی سلامتی پر بھی سنگین سوالات کھڑے کرتے ہیں۔اس افسوسناک واقعے پر ہم متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔
پاکستان کے تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ
پاکستان کے تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن دھماکے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں ، خارجیوں اور ان کے سہولت کاروں اور حمایتیوں کے خلاف بھی بلا تفریق اقدامات کیے جائیں، کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر بے گناہ پاکستانیوں کا قتل عام کرنے والے سفاک دہشت گرد اور قاتل ہیں ۔ دہشت گرد خارجیوں کے خلاف پوری قوم افواج پاکستان اور ملک کے سلامتی کے اداروں کے شانہ بشانہ ہے ۔
علماء و مشائخ نے کہا ہے کہ ریاست پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ دہشت گرد عناصر اور ان کی پشت پناہی کرنے والے عناصر کے خلاف ایکشن لے ۔انسانی حقوق کی باتیں کرنے والے عناصر اور تنظیمیں بے گناہ پاکستانیوں کے قتل عام پر خاموش ہیں، ان افرا داور تنظیموں کو اس قتل عام کے حوالہ سے قوم کو جواب دینا چاہیے ۔