ویب ڈیسک: فیصل آباد میں عدالت میں پیشی پر آئے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو احاطہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں 9 مئی کے مقدمات کی سماعت ہوئی۔ اس موقع پر پولیس نے پیشی پر آئے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو احاطہ عدالت سے گرفتار کر لیا۔
پولیس کی جانب سے عدالت سے نکلنے والے کارکنوں کو پکڑنے کی کوشش کی گئی۔ کارکنوں نے گرفتاری سے بچنے کیلئے دوڑیں لگا دیں۔ پولیس کی جانب سے پکڑے گئے متعدد کارکنوں کو وکلاء نے مداخلت کر کے چھڑا کر فرار کروا دیا۔
اس دوران وکلاء اور پولیس اہلکاروں کے مابین تکرار بھی ہوئی۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کے وکلاء نے انسداددہشتگردی عدالت کے گیٹ کے باہر احتجاج بھی کیا۔
وکلاء نے مؤقف اپنایا کہ پولیس نے کارکنوں کی گرفتاری کیلئے احاطہ عدالت میں روک لیا ہے۔ بغیر کسی وارنٹ کے لوگوں کو گرفتار کرنا غیر قانونی ہے۔