لاہور: لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 کی بحالی کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تمام اضلاع میں مقامی حکومتوں کے ایڈمنسٹریٹرز بھی مقرر کر دئیے گئے ہیں ، مقامی حکومتوں کا انتظامی نظام 2013 کے مطابق چلے گا۔ آٹھ جون 2021 لوکل گورنمنٹ آرڈیننس ختم ہو گیا تھا، میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کا ایڈمنسٹریٹر کمشنر لاہور ہوں گے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کے ایڈمنسٹریٹرز ڈویژنل کمشنرز ہوں گے ، ڈسٹرکٹ کونسلز کے ایڈمنسٹریٹرز ڈپٹی کمشنرز ہوں گے۔ اعلامیے کے مطابق میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ اور گجرات کے ایڈمنسٹریٹرز ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو ہوں گے جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز تحصیلوں کے ایڈمنسٹریٹرز ہوں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق یونین کونسلز کی سطح پر محکمہ لوکل گورنمنٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو ایڈمنسٹریٹرز مقرر کر دیا گیا ہے۔