عمران خان نے منحرف اراکین کیخلاف ریفرنس خارج ہونے کا فیصلہ چیلنج کر دیا

عمران خان نے منحرف اراکین کیخلاف ریفرنس خارج ہونے کا فیصلہ چیلنج کر دیا
اسلام آباد: پاکستان تحریک اںصاف (پی ٹی آئی ) چیئرمین عمران خان نے منحرف اراکین کیخلاف ریفرنس خارج ہونے کا فیصلہ چیلنج کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ غیر آئینی قرار دیا جائے، الیکشن کمیشن نے 11 مئی کو قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کیخلاف ریفرنسز کو خارج کیا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن کمیشن کا منحرف اراکین کیخلاف ریفرنسز خارج کرنے کا فیصلہ غیر آئینی ہے، الیکشن کمیشن کے سامنے تمام ثبوت موجود تھے پھر بھی عدم شواہد کی بنیاد پر ریفرنسز خارج ہوئے، الیکشن کمیشن کو جمہوریت کی بقا کیلئے ہارس ٹریڈنگ اور فلور کراسنگ کے خلاف فیصلہ دینا چاہیے تھا۔ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے الیکشن کمیشن اور راجہ ریاض کو فریق بنایا ہے۔ خیال رہے کہ 11 مئی 2022 کو الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی جانب سے منحرف اراکین قومی اسمبلی کی نا اہلی کے لیے دائر ریفرنس مسترد کر دیا تھا،الیکشن کمیشن کا متفقہ فیصلہ میں کہنا تھا کہ منحرف ارکان پر 63اے کا اطلاق نہیں ہوا. منحرف اراکین تا حیات نا اہل نہیں ہو سکتے. یاد رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے منحرف اراکین کی نااہلی کے لئے ریفرنسز 14 اپریل 2022کو الیکشن کمیشن کو بھیجے گئے تھے.

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔