عامر لیاقت نے پاکستان چھوڑنے کا اعلان کردیا

عامر لیاقت نے پاکستان چھوڑنے کا اعلان کردیا
کراچی : ٹی وی میزبان اور ایم این اے عامر لیاقت حسین نے پاکستان چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے پاکستان چھوڑنے کا اعلان کیا۔ عامر لیاقت حسین نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ پاکستان کے مشہور گلوکار سجاد علی کے گانے پر لپسنگ کرتے نظر آرہے ہیں،اس ویڈیو میں دانیہ اور عامر لیاقت کے نجی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو کا مختصر ’کلپ‘ بھی موجود ہے۔ انہوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ وہ خود پر لگے غلیظ الزامات کے حوالے سے کچھ دیر بعد سرزمینِ پاکستان سے اپنا آخری بیان جاری کریں گے جس کے بعد وہ اس ملک کو ہمیشہ کے لیے چھوڑ دیں گے۔ بعد ازاں معروف فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ویڈیو پیغام جاری کیا ،ویڈیو شیئر کرنے کے ساتھ عامر لیاقت نے ایک طویل کیپشن بھی تحریر کیا ہے۔ انھوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’میں نے اس حیاتِ شکستہ میں جس جس کا دل دُکھایا ہے جانے سے قبل ان سب سے معافی مانگتا ہوں، مجھے معاف کر دیجیے گا، جس کسی کا مجھ پر قرض ہے وہ قرض اتار دوں گا ان شاء اللہ مرنے سے قبل اور ایک بڑے چینل سمیت جس نے بھی میری رقم ہضم کر لی ہے وہ بس اللہ سے ڈریں اور ڈھیل کو اپنی دعاؤں کی قبولیت نہ سمجھیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں سے ملتمس ہوں کہ کسی کو جاننے یا اس سے ملنے سے پہلے کسی کی سنی سنائی باتوں میں آکر اپنے والدین کی دوڑ دھوپ اور تکلیف سے پالنے پر اور حلال کمانے کمائی سے آپ کے لیے دوڑ دھوپ کر کے کمانے اور پھر آپ کی کی تربیت کرنے کو اپنے عمل سے پراگندا نہ کریں ، پاکستان کے لیے جی جائیں اور سیاسی نعروں میں گم ہو کر اپنی فوج کو گالیاں نہ دیں مذاق کریں لیکن نذاق اڑائیے نہیں ، رنگ، نسل ، ذات اور شکل و ساخت پر کسی کی بھد نہ اڑائیے کہ سب احسن تقویم پر پیدا ہوئے۔ عامرلیاقت نے مزید کہا کہ میں نے جذباتی کیفیت میں اپنی اہلیہ دانیہ کو کچھ بھلا بُرا کہا ہے آپ نہ کہیے گا وہ ابھی چھوٹی ہے اور کوئی اسے گرفتار کرے نا پریشان کیونکہ میں نے تکلیف میں گرفتاری کی بات کہہ دی تھی اللہ اسے بھی اور بشری، طوبی ، احمد اور دعا کو سلامت رکھے سرفراز فرمائے۔ بشری اور مزید اپنی تعلیم اور علم میں ستارہ بن کر چمکیں اور طوبی تو ماشا اللہ ستارہ بن ہی چکی ہیں ، دعا اس ملک کی بہترین آرٹسٹ بننے جا رہی ہے اور احمد جیسا ذہین انجینئر پاکستان کو جلد ملنے والا ہے ۔ عامر لیاقت حسین کا کہنا تھا کہ میں انسٹا ، ٹوئٹر اور فیس بک پر ہمیشہ ایکٹو اور جیسا ہوں ویسا ہی ملوں گا ، تمام احباب ، ساتھی کارکنان اور غیرمشروط چاہت رکھنے والوں کا بے حد شکریہ۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔