ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج ملک کے مختلف شہروں میں بارش کا امکان ہے، پنجاب میں کل سے 20 جولائی تک بارشوں کی پیشگوئی کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم با لائی خیبر پختونخوا، زیریں سندھ، گلگت بلتستان اورکشمیر میں چند مقامات پرتیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور گر دو نواح میں دن کے اوقات میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم کل صبح گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا،خیبرپختونخواکے بیشتر میدانی اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم دیر، سوات،چترال، کوہستان، شانگلہ،بونیر، بٹگرام، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، خیبر، مہمند،باجوڑ، مردان، پشاور، کرم، بنوں اوروزیرستان میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم ژوب اور قلعہ سیف اللہ میں چند مقا مات پر آندھی/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
کراچی کے شمال میں بادلوں کی تشکیل اورمضافاتی علاقوں میں بارش کا آغاز ہوگیا۔شہر قائد میں گہرے بادلوں کی انٹری، بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اورمرطوب رہے گا تاہم شام/رات میں تھرپارکر، عمرکوٹ، مٹھی، میرپور خاص اورسانگھڑ میں چند مقامات پر آندھی/جھکڑچلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ا برآلود رہنے کے علاوہ چند مقا مات پرتیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے
دوسری جانب پنجاب بھر میں 17سے 20جولائی تک مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارشوں کے امکانات ہیں۔
17سے 19جولائی کے دوران جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور تیز بارش کے امکانات ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ 10محرم الحرام کو ممکنہ مون سون بارشوں کے باعث انتظامیہ خصوصی اقدامات کرے۔
محرم کے جلوسوں کی انتظامیہ موسم کی شدت کو مدِنظر رکھتے ہوئے حفاظتی اقدامات کرے۔ خستہ حال چھتوں اور بوسیدہ عمارتوں میں محافل کے انعقاد سے گریز کریں۔ عاشورا کے موقع پر تمام ریسکیو ادارے الرٹ رہیں، بارشوں سے پنجاب کے ندی نالے بپھر سکتے ہیں۔
اربن فلڈنگ کے خطرے کے پیش نظر بڑے شہروں کی انتظامیہ الرٹ رہے اور پیشگی انتظامات مکمل کریں۔ ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کا مزید کہنا تھا کہ طوفان سے بجلی کے کھمبوں، سولر پلیٹوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ موسمی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔