این اے 31: عمران خان 57 ہزار 824 ووٹ لیکر کامیاب

این اے 31: عمران خان 57 ہزار 824 ووٹ لیکر کامیاب
پشاور کے حلقے این اے 31 کے تمام 265 پولنگ سٹیشنز کے نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئے ہیں ۔ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان 57 ہزار 824 ووٹ حاصل کر کے کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ اے این پی کے غلام احمد بلور 32 ہزار 253 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔ جماعت اسلامی کے محمد اسلم 3 ہزار 817 ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہے۔ این اے 31 پشاور میں ووٹرز ٹرن آؤٹ 20.28 فیصد رہا۔ صبح 8 بجے پولنگ کا عمل شروع ہو ا جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہا ۔قومی اسمبلی کی 8نشستیں پی ٹی آئی کے ارکان کے استعفوں کی وجہ سے خالی ہوئی تھیں۔ خیبرپختونخوا میں 979، پنجاب میں ایک ہزار 434 اور کراچی میں 340 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں یہ منفرد مثال ہے کہ ایک ہی امیدوار (چیئرمین تحریک انصاف عمران خان) 8 میں سے 7 نشستوں پر انتخاب لڑ رہے ہیں۔آزاد امیدواروں سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے کُل 101 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، سندھ میں 33، پنجاب میں 52 اور خیبرپختونخوا میں 16 امیدوار ہیں اور ان حلقوں میں تقریباً 44 لاکھ 72 ہزار ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔ کراچی میں کورنگی اور ملیر میں قومی اسمبلی کی دو نشستوں پر آج ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج انتہائی اہم ہوں گے کیونکہ یہ 23 اکتوبر کو شہر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات سے محض ایک ہفتہ قبل ہورہے ہیں، جیتنے والی پارٹی کو کراچی کی مقامی حکومت کے لیے ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں تقویت ملے گی۔ تمام حلقوں کی سکیورٹی کے حوالے سے رینجرز، پولیس اور پاک فوج کی خدمات حاصل کی گئی ہیں اور پولنگ والے حلقوں میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ کے دوران موبائل استعمال کرنے پر سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔