ویب ڈیسک : ٹی-20 عالمی کپ چمپئن بھارتی ٹیم کے نائب کپتان ہاردک پانڈیا نے آج اپنی بیوی نتاشا اسٹینکووِک سے طلاق کی خبر پر مہر لگا دی۔
یادرہے گزشتہ کئی ماہ سے دونوں الگ رہ رہے ہیں اور پہلے ہی کئی رپورٹس میں دونوں کے علیحدہ ہونے کی خبریں سامنے آ چکی تھیں، لیکن دونوں میں سے کسی نے طلاق کی خبروں پر کچھ رد عمل ظاہر نہیں کیا تھا۔ اب ہاردک پانڈیا اور نتاشا اسٹینکووِک نے انسٹاگرام پر یکساں پوسٹ کر راستہ الگ ہونے کی بات کہی ہے۔
ہاردک پانڈیا نے انسٹاگرام پر جو پوسٹ کیا ہے اس میں لکھا ہے کہ ’’تقریباً 4 سالوں کے بعد میں اور نتاشا نے آپسی اتفاق سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم دونوں نے ساتھ رہ کر اپنا بہترین عمل پیش کیا۔ لیکن اب دونوں کا یہی فیصلہ ہے۔ ہمارے لیے یہ بہت ہی مشکل فیصلہ رہا۔ اگستیا ہم دونوں کی زندگی کا حصہ رہے گا۔ ہم دونوں اسے ہر ممکن خوشی دینے کی کوشش کریں گے۔‘‘ ہاردک نے اس پوسٹ میں یہ بھی بتایا ہے کہ دونوں نے اس رشتہ کو بچانے کی بہت کوشش کی لیکن آخر میں دونوں نے ایک دوسرے کی بہتری کے لیے یہ فیصلہ لیا۔ ہاردک کا کہنا ہے کہ طلاق کا فیصلہ بے حد مشکل تھا کیونکہ انھوں نے ساتھ میں خوشیاں بانٹیں اور اچھے و برے وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، وہ ایک فیملی کی طرح رہے۔
قابل ذکر ہے کہ ہاردک پانڈیا اور نتاشا اسٹینکووِک نے 31 مئی 2020 میں شادی کی تھی۔ دونوں نے ساتھ میں بہت اچھے لمحات گزارے۔ آئی پی ایل 2023 میں جب گجرات ٹائٹنس چمپئن بنی تھی تو ہاردک ہی ٹیم کے کپتان تھے، اور اس وقت ہاردک کے ساتھ ان کی شریک حیات نتاشا نے خوب جشن منایا تھا۔ لیکن 2024 ہاردک کے لیے کئی طرح کے مسائل سامنے لے کر آیا۔ ایک طرف ان کی فیملی بکھر رہی تھی، اور دوسری طرف آئی پی ایل 2024 میں ان کی کپتانی کے اندر ممبئی انڈینس کی کارکردگی انتہائی شرمناک رہی۔ بہت مشکل وقت گزارنے کے بعد جب انھوں نے ہندوستانی ٹیم کو ٹی-20 عالمی کپ چمپئن بنانے میں اہم کردار نبھایا تو وہ اپنے آنسو نہیں روک پائے۔ انھوں نے کھل کر اپنے جذبات کا اظہار کیا، اور اب انھوں نے نتاشا اسٹینکووِک کے ساتھ رشتہ ختم ہونے کا اعلان کر ایک طرح سے اپنے دل کا بوجھ بھی ہلکا کر لیا۔