سوات: مبینہ توہین مذہب پر ایک شخص کو آگ لگا کر زندہ جلا دیا گیا

سوات: مبینہ توہین مذہب پر ایک شخص کو آگ لگا کر زندہ جلا دیا گیا
کیپشن: سوات: مبینہ توہین مذہب پر ایک شخص کو آگ لگا کر زندہ جلا دیا گیا

ویب ڈیسک: سوات میں شہریوں نے اپنی ہی عدالت لگا لی، مبینہ توہین مذہب پر ایک شخص کو آگ لگا کر زندہ جلا دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈی پی او سوات کا کہنا ہے کہ مدین کے علاقے میں قرآن پاک کی مبینہ بے حرمتی کے الزام میں علاقہ مکینوں نے شہری پر تشدد کیا اور اسے برہنہ کر کے سڑکوں پر گھسیٹا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کیا تو لوگوں نے تھانے کو بھی آگ لگا دی اور توڑ پھوڑ کی، مشتعل افراد ملزم کو تھانے سے نکال کر اسے جلا ڈالا۔

پولیس کے مطابق تشدد اور جلائے جانے سے ملزم جان کی بازی ہار گیا جبکہ پولیس سٹیشن پر مشتعل مظاہرین کے حملے میں 8 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپور نے ناخوشگوار واقعے پر اظہار افسوس کیا اور نوٹس لیتے ہوئے انسپیکٹر جنرل پولیس سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی، انہوں نے ناخوشگوار واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے شہریوں سے پرامن رہنے کی بھی اپیل کی ہے۔

واقعے کے بعد کالام سمیت دیگر علاقوں کے ہوٹلز بند کر دیئے گئے، سیاحوں نے رات گاڑیوں میں بیٹھ کر گزاری۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے سوات مدین واقعے کا نوٹس لیا ہے،معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہے،تمام محرکات سامنے لاکر قانون کے مطابق کارروائی کی جائیگی، سوات انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے،وزیراعلی نے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کی ہے،عوام سے پرامن رہنے کی اپیل ہے۔

Watch Live Public News