ویب ڈیسک: لاہور کی اسپیشل سینٹرل عدالت نے ایف آئی اے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے صاحبزادے چوہدری مونس الہٰی سمیت 6 اشتہاری ملزمان کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دے دیا۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ فیملی کے خلاف ایف آئی اے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، اسپیشل سینٹرل عدالت لاہور کے جج تنویر احمد شیخ نے ایف آئی اے کے چالان پر سماعت کی۔
عدالت نے مونس الہٰی سمیت 6 اشتہاری ملزمان کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دیتے ہوئے اشتہاری 6 ملزمان کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنےکا حکم دے دیا۔
اشتہاری ملزمان میں فرست علی چھٹہ، امتیاز علی شاہ، مونس الہٰی ،عامر سہیل، عامر فیاض شامل ہیں۔
عدالت نے مونس الہٰی اور ضیغم عباس کی جائیدادیں اور بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم بھی جاری کیا اور قصور میں مونس الہٰی کی 26 کنال سے زائد اراضی بھی منجمد کرنے کا حکم دیا۔
اسپیشل سینٹرل کورٹ نے مونس الہٰی کے نام پر لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقعہ ایک پلاٹ اور ایک گھر بھی ضبط کرنے کا حکم دیا۔
بعدازاں عدالت نے آئندہ سماعت پر عمل درآمد رپورٹس طلب کرتے ہوئے کارروائی 19 ستمبر تک ملتوی کر دی۔