ویب ڈیسک: فرنٹیئرکور خیبرپختونخواہ (نارتھ) کی جانب سے گزشتہ ایک ماہ کے دوران انسداد سمگلنگ کے حوالے سے کامیاب کارروائیاں کی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چترال، دیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی اور سوات میں منشیات،غیرملکی کرنسی، غیر ملکی اشیاء اور اسلحہ کے سمگلنگ کی روک تھام کے سلسلہ میں اہم اقدامات کے ذریعے بڑی سطح پر کامیاب کارروائیاں کی گئیں اور 80 ملین روپے مالیت کا غیر قانونی سامان ضبط کیا گیا۔
ان میں اشیاء خوردونوش، گھریلو استعمال کے برقی آلات، کپڑا، ٹائر، آٹو پارٹس اور غیر ملکی جدید اسلحہ شامل ہے۔
فرنٹیئر کور خیبرپختونخواہ نارتھ نے افغانستان غیرقانونی طور پر سمگل ہونے والا 200 گرام سونا اور غیرملکی کرنسی بھی برآمد کی۔ جس کی مالیت20 ملین روپے بنتی ہے۔
انسداد منشیات کی مختلف کاروائیوں میں 221 کلوگرام مختلف اقسام کی منشیات بھی برآمد کی گئیں۔
ضلع باجوڑ میں 182 کلوگرام منشیات برآمد کر کے 9 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ جبکہ مختلف غیر قانونی کاروائیوں میں ملوث آٹھ عدد نان کسٹم پیڈ گاڑیاں بھی متعلقہ ادارے کے حوالے کی گئیں۔
ضلع باجوڑ اور خیبر میں کاروائیوں کے دوران غیرقانونی جدید اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
فرنٹیئر کور خیبرپختونخواہ نارتھ نے مختلف کاروائیوں میں 14 ٹن غیر قانونی یوریا برآمد کر کے ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کیا۔
ان تمام کارروائیوں میں 17 جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا جا چکا ہے۔