چیٹ جی پی ٹی کے ذریعےنوکری کے بےشمارمواقع حاصل کرنے کا طریقہ؟

چیٹ جی پی ٹی کے ذریعےنوکری کے بےشمارمواقع حاصل کرنے کا طریقہ؟
کیپشن: چیٹ جی پی ٹی کے ذریعےنوکری کے بےشمارمواقع حاصل کرنے کا طریقہ؟

ویب ڈیسک: آج کل دنیا میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا چرچا عام ہے، اور ہر شعبے میں اس کی افادیت پر بحث ہو رہی ہے۔ اس حوالے سے ایک دلچسپ خبر سامنے آئی ہے، ایک ”ریڈاِٹ“ (Reddit) صارف نے دعویٰ کیا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی نے اسے بے شمار نوکریوں کے انٹرویوز دلوائے، جن میں سے بعض نوکریاں تو اس کی قابلیت سے بھی بڑھ کر تھیں۔

یہ خبر انٹرنیٹ پر تیزی سے وائرل ہوگئی اور لوگوں میں یہ جاننے کا تجسس پیدا ہوا کہ آخر اس نے ایسا کون سا ’جادوئی‘ طریقہ استعمال کیا تھا؟

اے آئی کے ذریعے نوکری کے مواقع بڑھانے کا طریقہ

ریڈاِٹ صارف کے مطابق، اس نے چیٹ جی پی ٹی کو اپنا پروفائل اور جاب کی تفصیلات فراہم کیں اور درخواست کو جاب کے مطابق ڈھالنے کی ہدایت دی۔ اس حکمت عملی کے نتیجے میں، اسے نہ صرف زیادہ انٹرویوز کی دعوتیں موصول ہوئیں بلکہ کچھ ایسی جابز کے لیے بھی بلایا گیا جنہیں وہ اپنی قابلیت سے بالاتر سمجھتا تھا۔

اس کا کہنا تھا، ’مجھے حیرت انگیز طور پر بے شمار انٹرویوز کی درخواستیں موصول ہو رہی ہیں، یہاں تک کہ ان جابز کے لیے بھی، جنہیں میں اپنی سطح سے اوپر سمجھتا تھا۔ میں بس عام انداز میں درخواستیں بھیجتا ہوں، اور کئی کمپنیوں کی طرف سے مثبت ردعمل آتا ہے۔‘

مزید برآں، وہ دعویٰ کرتا ہے کہ اس کے نوکری کے درخواستیں ’غیر معمولی‘ اور ’انتہائی متاثر کن‘ قرار دی جا رہی ہیں۔ تاہم، اس نے ایک دلچسپ مسئلہ بھی بیان کیا کہ، ’مسئلہ یہ ہے کہ میں انٹرویوز میں بہت کمزور ہوں، میں شدید نروس ہو جاتا ہوں اور مکمل طور پر گڑبڑا جاتا ہوں۔‘

کیا اے آئی کا استعمال دھوکہ دہی کے مترادف ہے؟

یہ انکشاف ہوتے ہی ایک گرما گرم بحث چھڑ گئی۔ کچھ صارفین نے چیٹ جی پی ٹی کے استعمال کو غیر اخلاقی قرار دیا، جبکہ کچھ نے اسے صرف ایک ہوشیار حکمت عملی کہا۔

ایک صارف نے کہا، ’کیا چیٹ جی پی ٹی سچ میں جاب کے اشتہار سے الفاظ اٹھا کر سی وی میں شامل کر دیتا ہے؟ میں نے جب ایسا کیا تو مجھے یہ عمل عجیب لگا، جیسے میں کوئی دھوکہ دے رہا ہوں۔‘

جس پر صارف نے وضاحت دی کہ وہ اپنے سی وی میں کوئی جھوٹ شامل نہیں کرتا، بلکہ صرف اپنی صلاحیتوں کو بہتر انداز میں پیش کرتا ہے۔

ایک اور صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ، ’مجھے نہیں لگتا کہ صرف چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے نوکری مل سکتی ہے۔ جاب سرچ میں مدد تو ہو سکتی ہے، لیکن کیا واقعی کسی نے یہ طریقہ آزمایا ہے؟‘

جبکہ ایک اور صارف نے کہا، ’یہ ہمیشہ عجیب لگتا ہے کہ جب آپ چیٹ جی پی ٹی سے وہی کچھ لکھنے کو کہتے ہیں جو لوگ سننا چاہتے ہیں اور پھر انٹرویو میں وہ چیزیں حقیقت سے مطابقت نہیں رکھتیں۔‘

کیا’ اے آئی’ واقعی نوکری حاصل کرنے میں مدد کر سکتا ہے؟

یہ سوال بہت اہم ہے کہ آیا اے آئی کے ذریعے جاب انٹرویوز میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے یا نہیں؟

حقیقت یہ ہے کہ اے آئی صرف ایک ٹول ہے، جو آپ کی موجودہ صلاحیتوں کو مؤثر انداز میں پیش کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔ اگر آپ واقعی اس جاب کے لیے اہل ہیں، تو چیٹ جی پی ٹی آپ کی درخواست کو زیادہ پروفیشنل اور جاب کے تقاضوں کے مطابق ڈھال سکتا ہے۔ لیکن اگر آپ کی اصل قابلیت اس معیار پر پوری نہیں اترتی، تو انٹرویو میں آپ کی کمزوریاں فوراً ظاہر ہو جائیں گی۔

اے آئی ٹولز کا استعمال جاب کے حصول کے عمل کو مؤثر بنا سکتا ہے، لیکن یہ تب ہی فائدہ مند ہوگا جب آپ واقعی اس جاب کے لیے تیار ہوں۔ جھوٹے دعوے کرنے کے بجائے، اپنی مہارتوں کو بہتر انداز میں پیش کرنے پر توجہ دیں۔ اور سب سے اہم بات، انٹرویو کے لیے خود کو ذہنی طور پر تیار کریں، کیونکہ اصل امتحان وہیں ہوتا ہے۔

Watch Live Public News