وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ کبھی کہتا ہے کہ اسلام آباد آرہا ہوں اور کبھی کہتا ہے جیل بھروں گا، قوم عمران خان سے واقف ہو چکی، جیل بھرو تحریک ڈوب مرو تحریک بن چکی ہے۔ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جیل بھرو تحریک میں صرف سو سے زائد افراد نے گرفتاری دی، اس میں سے بھی 80 فیصد کہتے ہیں ہمیں چھوڑ دو۔انہوں نے کہا کہ تمام افراد کو تیس تیس دن کے لیے نظر بند کیا گیا ہے، پہلے دور دراز کی جیلیں بھریں گے اس کے بعد لاہور اور پنڈی کی۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عدلیہ کو کمزور کرنا ملک کے مسائل میں اضافہ کرنا ہے، بنچ فکسنگ کی انکوائری کی جائے سوموٹو لیا جائے اور سزا دی جائے کسی جج کے ساتھ پرویز الہی کے تعلقات کیوں ہیں؟ ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک میں فتنہ برپا کیا ہوا ہے، ملک کی بہتری کے لیے کوئی ایک کام نہیں کیا، کبھی کہتا ہے کہ اسلام آباد آرہا ہوں اور کبھی کہتا ہے جیل بھروں گا، قوم عمران خان سے واقف ہو چکی، جیل بھرو تحریک ڈوب مرو تحریک بن چکی۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی پوزیشن آج بھی پنجاب میں بہت بہتر ہے، اگر ہم امیدواروں میں تبدیلی کریں تو نشستیں جیت سکتے ہیں، پارٹی کو سفارشات پیش کریں گے فیصلہ پارٹی قیادت کو کرنا ہے۔