ویب ڈیسک: لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گھریلو اور تجارتی ایل پی جی کی قلت شدت اختیار کر گئی ہے، جبکہ قیمتوں میں اضافے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی 600 سے 650 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے، جبکہ بعض چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں میں قیمت 700 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔
گیس کی قلت کے باعث لاہور کے متعدد علاقوں میں ایل پی جی کی دکانیں بند ہونے کی اطلاعات ہیں، جس سے گھریلو صارفین اور کاروباری افراد کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔
شہریوں نے قیمتوں میں اضافے اور حکومتی نگرانی کی مبینہ کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب دکانداروں کا کہنا ہے کہ ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیاں انہیں مہنگے داموں گیس فراہم کر رہی ہیں، جس کے باعث انہیں بھی زیادہ قیمت پر فروخت کرنا پڑ رہی ہے۔
عوام نے حکومت سے ایل پی جی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے، رسد بحال کرنے اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔