انڈین میڈیا کے مطابق ریاست گجرات میں ایک عجیب واقعہ پیش آیا ہے جہاں کینسر میں مبتلا مریض کی موت ہوئی لیکن جب اسے آخری رسومات کیلئے شمشان گھاٹ لے جایا گیا تو وہ دوبارہ زندہ ہوگیا۔ اس معمر شخص کو ہسپتال میں منتقل کیا گیا لیکن اس کی حالت بگڑ گئی اور اسے وینٹی لیٹر پر منتقل کرنا پڑا۔ تاہم اس کی فیملی اس کے اخراجات نہیں اٹھا پا رہی تھی۔ان کی جانب سے مریض کو ہسپتال سے گھر لے جانے کیلئے زور دیا گیا۔ اسی دوران جیسے ہی مریض کو وینٹی لیٹر سے ہٹایا گیا تو اس کی سانسیں بند ہو گئیں۔ اہلِ خانہ مریض کو مردہ سمجھ کر شمشان گھاٹ لے گئے لیکن وہاں پہنچتے ہی اس شخص نے اپنی آنکھیں کھول لیں ،جس کے بعد ایمبولینس کو فوراً بلایا گیا اور فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسے دوبارہ اسپتال منتقل کیا گیا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس نے ہسپتال انتظامیہ کے خلاف غفلت برتنے پر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔