اپوزیشن کے ساتھ وہی سلوک ہو گا جس کے وہ مستحق ہیں

اپوزیشن کے ساتھ وہی سلوک ہو گا جس کے وہ مستحق ہیں
اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کابل میں دھماکہ ہوا تو امریکی صدر کو اس کا قبل از وقت معلوم تھا، لیکن جب وہاں پر13 امریکی فوجیوں سمیت پونے دو سو لوگ مر گئے تو ہم نے کہا کہ یہ سیلاب آ سکتا ہے، ہم ایک ذمہ دار ملک ہیں، ہم ایک ایٹمی طاقت ہیں، ہم ایک ایسا ملک ہیں جس کا دنیا کی سپر پاورز کے ساتھ بارڈر ملتا ہے، ہم نے ذمہ داری کے ساتھ یہ اندازہ لگایا کہ کتنا بڑا انخلا ہو سکتا ہے، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم نے اسلام آباد میں تین ہزار تک اپنی ایکسرسائز رکھی ہوئی ہے، جو آدمی آئے خواہ وہ امریکن ہو، خواہ وہ بیلجیم ہو، اگر اس نے یہاں سے جانا ہے تو ہم اس کو ویلکم کریں گے، یہ الزام دینا کہ ہم نے سارا ملک خالی کرا دیا ہے، یو نیورسٹی اور ہوسٹلز کی غلط فہمی ہوئی ہے وہ خالی نہیں ہونے چاہئیں گے، مگر ہوٹلز نے تو لوگوں سے پیمنٹ لینی ہے ۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کی عظیم فوج، عظیم ترین دنیا کی فوج جس نے اپنی صلاحیتوں کا ہر دفعہ لوہا منوایا ہےاور پاکستان کی تین سال پوری کرنے والی عمران خان کی قیادت ہے، میں اپوزیشن سے کہوں گا کہ آپ ہیں کیا ، بیچتے کیا ہیں،آپ کا سودا مک گیا ہے، الیکشن کی تیاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو کہتا ہوں بڑے شوق سے مارچ کریں، آپ تو ہمیں گزشتہ دسمبر میں اسلام علیکم کہہ چکے تھے، آپ ہمارا استعفیٰ لینے آرہے تھے، آپ پھنس جائیں گے، دنیا کے حالات کو سمجھنے کیلئے آپ کے اندر عقل اور شعور نہیں ہے، آپ دیوار سے پیچھے دیکھنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، دنیا کی سب سے بڑی سیاست پاکستان کے گرد و نواح میں ہونے جا رہی ہے اور آپ لاری اڈا، لاری اڈا کھیل رہے ہیں، آپ آئیں ، آپ کے ساتھ قانون کے مطابق وہ سلوک ہو گا جس کے آپ مستحق ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان بدل گیا ہے، پاکستان کی سیاست بدلنے جا رہی ہے، پاکستان کی ساری دنیا پہ قومی ذمہ داری ہے ، سب سے زیادہ پاکستان پر ہے، کیونکہ ہمارا دشمن ہندوستان کسی بھی دہشت گرد طاقت کو استعمال کر سکتا ہے، انڈیا کے میڈیا پر جو پروگرام ہو رہے ہیں وہ انتہائی بھونڈے ہیں، پاکستان ذمہ دار ملک ہے جو اپنی قومی سلامتی کی ذمہ داری بھی پوری کرے گا اور عالمی چیلنجز کا سامنا بھی کرے گا، دنیا یہ نہ بھولے کہ ہماری چھاتی پر 80 ہزار لوگوں کی شہادت ہے۔

Watch Live Public News