لاہور ( پبلک نیوز) پاکستان ہاکی کا ایک اور آفتاب غروب ہوگیا۔ سابق اولمپک گولڈ میڈلسٹ کھلاڑی اولمپین گلریز اختر جہان فانی سے کوچ کرگئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی کے تابناک ماضی کےہیرو 1968 میکسیکو اولمپکس گولڈ میڈلسٹ کھلاڑی اولمپین گلریز اختر 78 برس کی عمر میں خالق حقیقی سے جاملے۔ میکسیکو اولمپکس فائینل لیفٹ ہاف کی پوزیشن پر کھیلتے ہوئے گول کرکے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔ مرحوم اولمپین گلریز اختر نے 1970 بینکاک ایشین گیمز میں بھی گولڈ میڈل حاصل کرنے کا اعزاز لیا۔ راولپنڈی میں پیدا ہونے والےقومی کھیل کے شاندار کھلاڑی نے آج لاہور میں اپنی زندگی کی آخری سانس لی۔ اولمپین گلریز اختر مرحوم موجودہ ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس پنجاب محترمہ چاند پروین کے شوہر تھے۔ اولمپین گلریز اختر مرحوم کے انتقال پر صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن برگیڈیئر رخالد سجاد کھوکھر، سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف اولمپین آصف باجوہ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ مرحوم گلریز اختر اولمپین نے اقوام عالم میں سبز ہلالی پرچم کو بلند کیا۔