ویب ڈیسک: پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی کے معاملے میں اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے کے بعد بھارتی بورڈ کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے اپنے مؤقف میں واضح کیا ہے کہ پاکستان بھارت میں کسی میگا ایونٹ کے فائنل میں بھی شرکت نہیں کرے گا۔ بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹ کے فائنل بھی نیوٹرل مقام پر کھیلے جائیں گے۔
پی سی بی نے دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پاکستان ٹیم فائنل میں پہنچتی ہے تو ہم بھی فائنل کھیلنے بھارت نہیں جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی کی تجویز نے بھارتی حکام کو مشکل میں ڈال دیا۔ بھارتی حکام کی جانب سے تاحال اس تجویز پر جواب نہیں دیا گیا۔
ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ دونوں بورڈز کے درمیان تین سال کے لیے پارٹنر شپ فارمولے پر کام کیا جا رہا ہے۔ فارمولے کے تحت دونوں ملک آئی سی سی ایونٹ کے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلیں گے۔
پاکستان بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹ کے لیے بھارت نہیں جائے گا۔ فارمولے کے تحت بھارت میں شیڈول پاکستان کے میچز نیوٹرل مقام پر کھیلے جائیں گے۔